مسلم لیگ ن نے شبلی فراز کا چیلنج قبول کر لیا

05:07 PM, 15 Oct, 2020

لاہور: مسلم لیگ ن نے وفاقی وزیر شبلی فراز کا چیلنج قبول کرلیا ہے۔ سینیٹر پرویز رشید کا کہنا ہے کہ ہیں شبلی فراز بتائيں اگر اسٹیڈیم بھر گیا تو مستعفی ہونے میں کتنی دیر لگائيں گے۔  رانا ثنااللہ نے دعویٰ کیا کہ جلسہ پنجاب کی تاریخ کا بے مثال جلسہ ثابت ہو گا اور میڈيا خود دکھا دے گا کہ اسٹیڈیم کتنا بھرا ہوا ہے۔

سعد رفیق نے کہا کہ ن لیگی کارکنوں کی گرفتاریوں کا سلسلہ جاری ہے سب کچھ عمران خان کی ایما پر ہو رہا ہے۔ 

مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ کارکنوں کو گرفتار کرکے تحریک کو نہیں روکا جا سکتا۔ 16 اکتوبر گوجرانوالہ میں پی ڈی ایم کا جلسہ ہونے جا رہا ہے۔ اگر عوام مہنگائی میں کمی، ادویات کی قیمتوں میں کمی اور کاروبار چلانا چاہتی ہے تو سب گوجرانوالہ چلیں۔

ادھر سٹی اور صدر ڈویژن میں بھی پولیس نے چھاپوں کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔ کارکن، کونسلرز اور چئیرمین تک کو گرفتار کرنے کا حکم دے دیا گیا ہے جن کی لسٹ تیار کر لی گئی ہے۔ پولیس نے سٹیج اداکار طاہر انجم کے گھر پر بھی چھاپہ مارا۔ پولیس نے ن لیگ کے سرگرم رہنما راؤ شہاب الدین، سابق جنرل کونسلر میاں کاشف کے گھر پر چھاپہ مارا۔ دو سابق کونسلرز اعجاز اور کاشف بالی کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

اس سے قبل وفاقی وزیراطلاعات شبلی فراز نے اپوزیشن کو جناح اسٹیڈیم بھرکر دکھانے کا چیلنج کردیا جسے ن لیگ نے قبول کرتے ہوئے سوال کیا ہے کہ اگر اسٹیڈیم بھر گیا تو شبلی فراز مستعفی ہونے میں کتنی دیر لگائیں گے۔

وزیر اطلاعات شبلی فراز نے اپنے بیان میں کہا کہ فیملی لمیٹڈ کمپنی مال بچانے کےلیے سڑکوں پرآئی، اپوزیشن قیادت کرپشن بچاؤ مہم کے لیے مجمع اکٹھا کر رہی ہے، حکومت دباؤ میں نہیں آئے گی۔

وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ شہباز گِل کہتے ہیں کہ 10 پارٹیاں مل کر 7 بندے اکٹھے کر بھی لیں تو کیا اس سے احتساب رُک جائے گا؟‏ جب عمران خان نکلا تھا تو اُس کے ماتھے پر سچ، ایمانداری لکھی تھی، آج ان کے ماتھوں پر جھوٹ، بددیانتی، کیلبری اور قطری خط لکھا ہوا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے پلیٹ فارم سے ن لیگ کی میزبانی میں جلسہ 16 اکتوبر یعنی کل گوجرانوالا میں ہوگا جس کے لیے جناح اسٹیڈیم کا انتخاب کیا گیا ہے۔

مزیدخبریں