حکومتی مداخلت ،جنوبی افریقی کرکٹ بورڈ پر پابندی کی تلوار لٹکنے لگی

02:59 PM, 15 Oct, 2020

جوہانسبرگ : حکومتی مداخلت کے بعد جنوبی افریقی کرکٹ بورڈ پر ایک مرتبہ پھر پابندی کی تلوار لٹکنے لگی ہے اور وزیر کھیل ناتھی متھیتھوا نے آئی سی سی کوکھیل کے معاملات میں حکومتی مداخلت کے بارے میں آگاہ کردیا۔


دوسری جانب انٹرنیشنل کرکٹ کونسل صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور ترجمان نے کہا کہ ہمیں وزیر کھیل کا خط موصول ہوچکا ہے اور فی الحال صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں، ابھی حکومتی مداخلت سے متعلق خود بورڈ کی جانب سے کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی ہے۔


بورڈ کی جانب سے پیش کی گئی فرانزک آڈٹ رپورٹ کو پارلیمانی کمیٹی نے یکطرفہ قرار دیتے ہوئے واضح کیا کہ اس میں باقی آفیشلز کو بچانے کی کوشش ہوئی، اس لیے مکمل تحقیقات پر زوردیا گیا ہے۔


 وزیر کھیل ناتھی متھیتھیوا نے کہا کہ کرکٹ جنوبی افریقہ میں بڑے پیمانے پر بدانتظامی کی وجہ سے حکومتی مداخلت ناگزیر ہوچکی۔ اس اقدام کے حوالے سے پیشگی آئی سی سی کو آگاہ کردیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ آئی سی سی قوانین کے تحت حکومتی مداخلت پر کرکٹ جنوبی افریقہ کے فنڈز روکے جا سکتے ہیں، ساتھ انٹرنیشنل مقابلوں میں شرکت پر پابندی بھی عائد ہو جائے گی۔ 


خیال رہے کہ جنوبی افریقی حکومت نے ایک ماہ کیلئے تمام سرگرمیاں معطل کرتے ہوئے کرکٹ بورڈ کے معاملات اپنے ہاتھ میں لے لیے تھے اور بورڈ معاملات میں حکومتی دخل اندازی کے باعث جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم پر پابندی لگ سکتی ہے۔

مزیدخبریں