مصباح کے بعد اظہر علی کی کپتانی  بھی خطرے میں پڑ گئی،تبدیل کئے جانے کا امکان

مصباح کے بعد اظہر علی کی کپتانی  بھی خطرے میں پڑ گئی،تبدیل کئے جانے کا امکان

لاہور: مصباح الحق کے بعد قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے اظہر علی کی کپتانی بھی خطرے میں پڑگئی ہے،جبکہ پاکستان کرکٹ بورڈنے اظہر علی کی کپتان کی حیثیت سے کارکردگی کا جائزہ لینے کا فیصلہ کیا ہے اوربورڈ کے اعلیٰ عہدیداران اظہر علی کو کپتان رکھنے کے حق میں نہیں ہیں۔


تفصیلات کے مطابق کرکٹ بورڈ کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان کی حیثیت سے اظہر علی کی کارکردگی کا جائزہ لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، پی سی بی کے اعلی عہدیداران اظہر علی سے نا خوش دکھائی دیتے ہیں اور کہا گیا ہے کہ کرکٹ کمیٹی کے اہم ارکان اظہر علی کوکپتان رکھنے کے حق میں نہیں ہیں۔


میڈیا رپورٹس کے مطابق مصباح الحق کی پوزیشن کمزور پڑنے پر اظہر علی کے لیے مشکلات میں اضافہ ہوگیا، پی سی بی دورہ نیوزی لینڈ کے لیے کپتان تبدیل کرنے کا فیصلہ کر سکتا ہے۔


رپورٹ میں مزید کہا  گیا ہے کہ ایک رائے یہ بھی ہے کہ دورہ نیوزی لینڈ کے بعد کپتان تبدیل کیا جائے۔


خیال رہے کہ گزشتہ روز قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ مصباح الحق نے چیف سلیکٹر کے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا، ان کا کہنا تھا کہ کوئی دباؤ نہیں تھا ٹیم پر فوکس کرنا چاہتا ہوں۔


انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ اکثر بیرون ملک ہونے کے باعث دہری ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں جن کو پورا کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے اسی لیے چیف سلیکٹر کا عہدہ چھوڑنا پڑا۔