الحمدللہ! نیشنل سکیورٹی پر پاک فوج ہمارے ساتھ ایک پیج پر ہے، ڈاکٹر شہباز گل

الحمدللہ! نیشنل سکیورٹی پر پاک فوج ہمارے ساتھ ایک پیج پر ہے، ڈاکٹر شہباز گل

اسلام آباد: وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ فوج کو ایک پیج پر کہنے والے مودی اور جندل کو گھروں تک بنا ویزہ آنے دیتے تھے، پوچھنے پر اپنی ہی فوج کے خلاف ہو جاتے تھے، آج الحمدللہ نیشنل سکیورٹی پر آرمی ہمارے ساتھ ایک پیج پر ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے بیان میں ان کا کہنا تھا کہ فرق یہ کہ ان کے بیان ہمیشہ بدلتے رہے، جنہیں گھسیٹنا تھا انہیں گلے لگایا، عمران خان کا ہمیشہ ایک بیان رہا کہ یہ چور ہیں۔ انہوں نے ایک دوسری ٹویٹ میں لکھا کہ دس پارٹیاں مل کر سات بندے اکٹھے کر بھی لیں تو کیا اس سے احتساب رک جائے گا، نہیں!

ان کا کہنا تھا کہ جب عمران خان نکلا تھا تو اس کے ماتھے پر سچ اور ایمانداری لکھی تھی۔ لیکن دوسری جانب اپوزیشن کے ماتھوں پر جھوٹے، بد دیانت، کیلبری، قطری خط، سرے محل، جعلی اکاؤنٹ اور ٹی ٹی، لندن تو کیا پاکستان میں کوئی پراپرٹی نہیں، لکھا ہوا ہے۔

معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ شریف خاندان کا وطیرہ رہا ہے کہ انہوں نے ملک کا مال جی بھر کر لوٹنے کے علاوہ قومی دولت اپنے سیاسی مقاصد حاصل کرنے کے لیے بھی بے دریغ استعمال کی۔ 2017ء میں کرپشن پر نااہل ہونے کے بعد این اے 120 کے ضمنی الیکشن میں پری پول رگنگ کے ریکارڈ قائم کئے گئے۔ 1 اگست 2017ء کو سپریم کورٹ نے حلقے میں ہر قسم کے ترقیاتی منصوبوں پر پابندی کے باوجود 48 دنوں میں 3 ارب کی 59 ترقیاتی سکیمیں اپنے منظور نظر ٹھیکیداروں سے ایڈوانس میں شروع کروا دیں، جن کے فنڈز جنوری 18 میں جاری کئے گئے۔

انہوں نے کہا کہ مزید یہ کہ پائیدار ترقیاتی اہداف کے نام سے 500 ملین کی 17 سکیمیں خلاف قانون شروع کی گئیں جن میں اس وقت کے سرکاری افسران نے غلاموں کی طرح غیر قانونی احکامات پر عمل کیا۔ ٹیپا جو کہ ان کاموں کو کروانے کی مجاز ہی نہ تھی سے غیر قانونی طور پر یہ کام کروائے گئے۔ اداروں اور افسران کو کرپٹ کرنےاور اداروں کا کلچر تباہ کرکے (ن) لیگ نے ملک کا جو نقصان کیا، اس کو ٹھیک کرنا بلاشبہ ایک بڑا چیلنج ہے۔