ٹرمپ کا 14 سالہ بیٹا بارون کورونا وائرس کو شکست دینے میں کامیاب

12:12 PM, 15 Oct, 2020

نیویارک: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا 14 سالہ بیٹا بارون کورونا وائرس کو شکست دینے میں کامیاب ہو گیا۔

اس بات کا انکشاف امریکی خاتون اول میلانیا ٹرمپ نے اپنے ایک بیان میں کیا، انہوں نے کہا کہ ان کا 14 سالہ بیٹا بارون عالمی وبا سے متاثر ہوا تھا ، لیکن اب اس میں وبا کی کوئی علامات نہیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل امریکی صدر اور میلانیا ٹرمپ بھی کورونا کا شکار ہو گئے تھے جس کے بعد ٹرمپ کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے والٹر ریڈ ہسپتال منتقل کر دیا گیا تھا۔

اس دوران صدر ٹرمپ ہسپتال سے سرکاری ذمہ داریاں ادا کرتے رہے ، ڈونلڈ ٹرمپ کو کورونا کے خلاف تجرباتی اینٹی باڈیز دوا دی گئی، میلانیا ٹرمپ کو بھی سردرد اور کھانسی کی شکایت تھی، جبکہ صدارتی امیدوار جوبائیڈن کا کورونا ٹیسٹ منفی آیا ہے۔

اپنے پیغام میں امریکہ صدر نے کہا تھا کہ میری اور میلانیا کی طبیعت بہتر ہو رہی ہے، صحت یابی کےلیے دُعاؤں پر عوام کا شکر گزار ہوں۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ مجھے سپورٹ کرنے والے تمام افراد کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ قبل ازیں وائٹ ہاؤس نے جمعہ کو بتایا تھا کہ ٹرمپ میں کورونا وائرس کی علامات پائی گئی ہیں، لیکن ان کی طبیعت مستحکم ہے اور نومبر میں ہونے والے انتخابات کے لئے اپنا کام جاری ہے۔

علاج کے دوران امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے سڑک کنارے کھڑے اپنے کارکنوں کو گاڑی میں بیٹھے ہاتھ ہلایا اور سب کا شکریہ ادا کیا۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ گاڑی میں مختصر سفر اور ہوا خوری کے بعد دوبارہ واپس ہسپتال چلے گئے۔

دوسری جانب عالمی ادارہ صحت نے کرونا ویکسین سے متعلق اچھی خبر سنا دی ، عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے کورونا وائرس کی ویکسین رواں برس کے آخر تک آنے کی امید ظاہر کر دی۔

مزیدخبریں