نیویارک: اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے کہا ہے کہ دنیا کو ایٹمی ہتھیاروں سے پاک کرنے کیلئے جامع اور ہمہ جہت طریقے سے آگے بڑھنا ہو گا۔
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی پہلی کمیٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلحہ پر قابو پانے کے اہم معاہدوں کی نہ صرف پامالی جاری ہے بلکہ ہتھیاروں کی دوڑ میں مزید مہلک ہتھیار تیار کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز جنگ کے محاذوں کو خلا تک توسیع دے رہی ہیں، بھارت کی جارحانہ پالیسیاں اور عسکری طرزِعمل پوری دنیا کیلئے خطرہ ہے۔
واضح رہے کہ جنگی جنون میں مبتلا بھارت چین سے مار کھانے کے بعد مکمل طور پر پاگل ہوگیا۔
بھارت نے اپنے جنگی عزائم کا بھرپور اظہار کرتے ہوئے چند ہی دنوں میں 10 میزائل تجربات کر ڈالے۔ گزشتہ چند ماہ کے دوران چین کیساتھ سرحدوں پر معاملات کشیدہ ہونے کے بعد بوکھلاہٹ کے شکار بھارت نے اپنی جنگی عزائم کو کھل کر اظہار کرنا شروع کر دیا ہے۔
چین کیساتھ ہوئی کشیدگی کے دوران مار کھانے کے بعد بھارت نے سرحدی علاقوں میں بھاری ہتھیار پہنچائے، جبکہ پھر فرانس سے رافیل جنگی طیاروں کی کھیپ بھی موصول کی۔ اب ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق بھارت نے آگے پیچھے کئی میزائل تجربات کیے ہیں۔ گزشتہ 35 روز کے دوران بھارت کی جانب سے 10 میزائل تجربات کیے گئے ہیں ۔
بھارت کی جانب سے 35 روز کے دوران ہائپرسانک، سپر سانک ، لیزر گائیڈڈ، اینٹی ریڈی ایشن اور دیگر طرز کے میزائلوں کے تجربات کیے گئے ہیں۔ بھارتی حکام کی جانب سے اگلے چند روز کے دوران ایٹمی میزائل کا تجربہ کرنے کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے بھارتی حکام کا دعویٰ ہے کہ شوریا نامی میزائل 200 کلو وزنی وار ہیڈ لے جانے اور ایک سیکنڈ میں ڈھائی کلومیٹر تک کا فاصلہ طے کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
بھارتی حکومت نے شوریا میزائل فوج کے حوالے کرنے کی منظوری بھی دے دی ہے۔ جبکہ بھارت چین کیساتھ جاری موجودہ کشیدگی کے دوران کچھ میزائل سرحدی علاقوں میں پہنچانے کی منصوبہ بندی بھی کر رہا ہے۔