کینسر میں مبتلا سنجے دت کا ویڈیو پیغام آگیا،موذی مرض کو شکست دینے کی ٹھان لی

کینسر میں مبتلا سنجے دت کا ویڈیو پیغام آگیا،موذی مرض کو شکست دینے کی ٹھان لی

نئی دہلی:موذی مرض کینسر  سےلڑنے والے بھارتی اداکار سنجے دت کا اپنے مداحوں کےلئے ویڈیو پیغام سامنے آگیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سنجے دت نے کینسر کی تشخیص کے بعد اپنی پہلی ویڈیو جاری کی ہے جس میں انہوں نے کینسر سے لڑنے کی کہانی بیان کی ہےاور انہوں نے موذی مرض کو شکست دینے کی ٹھان لی ہے۔سنجے دت نے اپنے ویڈیو پیغا م میں کہا کہ یہ میری زندگی کا خوفناک ترین وقت ہے اور میں اسے شکست دے دوں گا ۔


سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر ہیئر سٹائلسٹ عالم حاکم نے اپنے اکائونٹ پر ویڈیو شیئر کی ،جس میں اداکار نے کہا کہ وہ پہلے ہی اپنے کام پر واپس آچکے ہیں اور وعدہ کرتے ہیں کہ وہ کینسر کو شکست دیں گے۔


ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ سنجے دت عالم حاکم کے سیلون میں موجود ہیں اور وہ اپنے بالوں کی کٹنگ کروانے میں مصروف ہیں۔


سنجے دت نے اپنے مداحوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’’ ہائے ،میں ہوں سنجے دت ،سیلون میں واپس آکر اچھا لگا اور میں نے یہاں بال کٹوائے ہیں،اگر آ پ دیکھیں تو یہ میری زندگی کا خوفناک وقت ہے ،لیکن میں اسے شکست دوں گا،میں اس کینسر کو جلد ہی نکال باہر کروں گا۔‘‘


ویڈیو میں سنجے دت نے اپنے اور ہیر سٹائلسٹ عالم حاکم کے قریبی تعلق بارے بتایا کہ ’’عالم اور میں کافی لمبے عرصہ سے ایک دوسرے کو جانتے ہیں اور اس کے والد بھی میرے بال کاٹتے تھے۔‘‘


بالی ووڈ اداکار نے اپنے کام پر واپس آنے کے بارے بھی بات کی اور کہا کہ وہ کے جی ایف فلم کیلئے اپنی داڑھی بڑھا رہے ہیں،جبکہ میں سیٹ پر دوبار ہ واپس آکر خوشی محسوس کررہا ہوں،کل میں شمشیرا کی ڈبنگ کروں گا اور یہ باعث لطف ہوگا،واپس آنا اچھی بات ہے۔‘‘


یاد رہے کہ اگست میں بالی ووڈ میں ’سنجو بابا‘ کے نام سے پہچانے جانے والے بھارتی اداکارسنجے دت پھیپھڑوں کے کینسرمیں مبتلا ہوگئے تھے۔بالی ووڈ انڈسٹری میں منا بھائی اور سنجو بابا کے نام سے معروف 61 سالہ اداکار نے ٹوئٹر پر پوسٹ میں کہا تھا کہ وہ علاج کی وجہ  سے کچھ وقت کے لیے وقفہ لے رہے ہیں۔


سنجے دت کا کہنا تھا کہ ’میرے دوست اور گھر والے میرے ساتھ ہیں ، میری اپنے چاہنے والوں سے درخواست ہے کہ وہ پریشان مت ہوں اور غیر ضروری قیاس آرائیوں سے دور رہیں‘۔


بعدازاں  گزشتہ دنوں سنجو بابا کی ایک خاتون مداح کے ساتھ لی گئی تصویر سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوئی تھی جن کی نئی تصویر نے مداحوں کو پریشان کردیا تھا اور وہ اُس تصویر میں انتہائی کمزور نظر آئے۔