لاہور: پاکستان سمیت دنیا بھر میں ہاتھ دھونے کا عالمی دن ”گلوبل ہینڈ واشنگ ڈے“ ہر سال 15 اکتوبر کو منایا جاتا ہے۔ اس دن کے منانے کا مقصد ہاتھ دھونے کی عادت سے مختلف بیماریوں سے محفوظ رہنے کی اہمیت کے متعلق شعور اجاگر کرنا ہے۔
اس دن کی مناسبت سے مختلف پرائیویٹ کمپنیوں اور سماجی تنظیموں کی جانب سے سکولوں ،کالجز اور دیگر اداروں میںتقریبات کا اہتمام کیا جائے گا جس میں بچوں اور نوجوانوں کو ہاتھ دھونے کی اہمیت سے آگاہ کیا جائے گا۔ہاتھ دھونے کا عالمی دن صرف سکولوں کے بچوں کیلئے منایا جاتا ہے لیکن ہر شخص صابن سے ہاتھ دھو کراس دن کے منانے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔
اسلامی معاشرے میں صفائی کی بہت اہمیت ہے اور اسے نصف ایمان کہا جاتا ہے بلکہ سائنسی نقطہ نظر سے بھی ہاتھوں کی صفائی پر بہت زور دیا گیا ہے۔ دنیا بھر میں ہاتھ دھونے کا عالمی دن منایا جاتا ہے اوراس حوالے سے غیر سرکاری تنظیمیں کانفرنسز ،ورکشاپس اورلیکچر زمنعقد کرتی ہیں ۔تعلیمی اداروں میں بھی ہاتھ دھونے کی اہمیت اور فوائد سے متعلق آگاہ کیا جاتا ہے۔
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے 2008ء کو صحت اور صفائی کا سال قرار دیا تھا اور ہاتھ دھونے کا عالمی دن اسی کی ایک کڑی ہے۔ پاکستان سمیت دنیا بھر میں سالانہ، لاکھوں افراد بیکٹریا سے پیدا ہونے والی بیماریوں سے متاثر ہوتے ہیں۔ عالمی ادارہ صحت کے مطابق دنیا بھر میں اسہال سے مرنے والے بچوں کی سالانہ تعداد 20 لاکھ ہے۔ پاکستان میں اسہال کے سالانہ 2 کروڑ 50 لاکھ کیسز سامنے آتے ہیں۔ ملک میں پانی کی کمی اوردست کے باعث سالانہ پانچ سال سے کم عمر کے ایک لاکھ سولہ ہزار بچے جان سے چلے جاتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق بیکٹیریا متعدد بیماریوں کے پھیلاؤ میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں، ان میں خناق، ہیضہ، کالی کھانسی اور تپ دق بھی شامل ہیں۔ایک سینٹی میٹر پر ایک ہزار سے 10 ہزار تک بیکٹیریا جمع ہو سکتے ہیں۔ بیکٹریا صرف ایک خلیے یا سیل پر مشتمل ہوتے ہیں۔ بیکٹریا صرف صحت کو نقصان ہی نہیں پہنچاتے بلکہ یہ فائدہ مند بھی ہوتے ہیں۔ تاہم اس انتہائی ننھے سے جسم کے باوجود ان میں وہ سب چیزیں موجود ہوتی ہیں، جس کی جسم کو ضرورت ہوتی ہے۔
مثال کے طور بیکٹیریا کھانے کے ساتھ بدن میں جانے والی چربی کو حل کرنے میں فائدہ مند ہوتے ہیں۔ اس کے علاوہ ہاضمے میں بھی ان کا مفید کردار ہے۔ماہرین کے مطابق صابن کے ساتھ اچھی طرح ہاتھ دھونے سے اسہال کا خطرہ 30سے 50فیصد تک کم ہو جاتا ہے۔ ماہرین کے مطابق جراثیم زیادہ تر کھانے پینے کے دوران انسانی جسم میں داخل ہوتے ہیں اورہاتھ، پیر اور منہ کے امراض ،جلدی انفیکشن،ہیپاٹائٹس اے، پیٹ کے امراض بھی ہاتھ نہ دھونے کی عادت کی وجہ سے ہمیں نشانہ بنا سکتے ہیں۔