دوحا: قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ نیوز نے طالبان حکام کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا افغانستان میں 17 سالہ جنگ ختم کرکے اپنی فوجیں واپس بلانے کے لیے رضامند ہوگیا ہے۔
قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ نیوز نے طالبان حکام کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ قطر میں طالبان نمائندوں اور امریکی وفد کے درمیان ایک اہم ملاقات میں افغانستان میں جاری 17 سالہ جنگ کو ختم کرنے پر اتفاق کرلیا گیا ہے۔ امریکا نے اپنی افواج کو افغانستان سے نکالنے پر بھی رضامندی کا اظہار کردیا۔
قطر میں ہونے والی طالبان رہنماوں سے ملاقات میں امریکی وفد کے چھ اراکین نے حصہ لیا۔ اس نشست میں افغان وار سے متعلق تمام مسائل زیر غور آئے۔ ملاقات میں امریکی فوج کے افغانستان سے انخلاء، طالبان رہنماوں پر لگی پابندیوں کا خاتمہ، طالبان رہنماوں کی رہائی اور باقاعدہ طالبان کے سیاسی دفتر کے قیام پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں یہ بھی طے پایا گیا ہے کہ مستقبل قریب میں امریکہ اور طالبان کے درمیان اعلیٰ سطح کے اعلانیہ مذاکرات کا آغاز کیا جائے گا جس میں اب تک کے متفقہ امور پر عمل درآمد کرنے کے لیے لائحہ عمل طے کیا جائے گا اور عالمی میڈیا کو بھی معاہدے سے آگاہ کیا جائے گا۔