پاکستان کے مختلف شہروں میں موسلا دھار بارشیں، سردی کی شدت میں اضافہ

08:54 PM, 15 Nov, 2024

اسلام آباد:پاکستان کے مختلف شہروں میں موسلا دھار بارشوں کا آغاز ہوگیا ہے جس کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔ نوشہرہ اور دیگر علاقوں میں بارش جاری ہے، جس کے نتیجے میں کئی علاقوں میں بجلی کی سپلائی متاثر ہو گئی ہے۔

پشاور میں بھی بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے اور موسم مزید سرد ہوگیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں آئندہ 24 گھنٹوں تک مزید بارشوں کا امکان ہے۔

کوہاٹ میں موسم سرما کی پہلی بارش ہوئی ہے، جس کے بعد میدانی اور پہاڑی علاقوں میں سردی بڑھ گئی ہے۔ ضلع مہمند اور گردونواح میں بھی ہلکی بارش ہوئی، جس کے باعث لوگوں نے چادریں اوڑھنا شروع کر دیں۔

ضلع خیبر میں بھی موسم سرما کی پہلی بارش ہوئی، جس کے بعد سردی میں اضافہ ہوگیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق رات کے وقت پہاڑی علاقوں میں برفباری کی توقع ہے۔ کرک کے مختلف علاقوں میں بھی بارش ہوئی، جس کے بعد لوگوں نے گرم ملبوسات پہننا شروع کر دیے۔

لکی مروت میں موسم سرما کی پہلی بارش سے موسم ٹھنڈا ہوگیا ہے، جبکہ میانوالی کے گردونواح میں بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ لیہ میں شدید بارش کے ساتھ ژالہ باری بھی ہو رہی ہے، جس کے بعد لوگوں نے گرم ملبوسات نکال لیے۔

اٹک اور گردونواح میں بارش کے سبب نشیبی علاقے زیر آب آگئے ہیں، جس کے بعد امدادی ٹیموں کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔

مزیدخبریں