کراچی: پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بلدیاتی ضمنی انتخابات میں کراچی اور سندھ بھر میں پارٹی کی شاندار کامیابی پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ "کراچی سمیت سندھ بھر میں پھر تیر چل گیا اور بی بی شہید کے جیالے جیت گئے"۔
بلاول بھٹو نے کامیاب امیدواروں کو مبارکباد دیتے ہوئے پارٹی کارکنوں اور جیالوں کی محنت کو سراہا۔ انھوں نے کہا کہ یہ کامیابی عوام کے اعتماد کا آئینہ دار ہے، جس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ عوام نے نفرت اور تقسیم کی سیاست کو مسترد کر کے پیپلز پارٹی کی عوامی خدمت کے ایجنڈے کو تسلیم کیا ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کراچی میں بلدیاتی انتخابات کی کامیابی کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا کہ "کراچی میں پیپلز پارٹی کے امیدواروں نے بڑے مارجن سے جیت کر شہر میں سوئپ کیا، جو ایک بڑی کامیابی ہے"۔ انھوں نے یقین ظاہر کیا کہ پیپلز پارٹی کے نومنتخب بلدیاتی نمائندے عوام کے اعتماد پر پورا اتریں گے اور ان کی توقعات کے مطابق کام کریں گے۔
بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ الیکشن میں کامیابی آپ کے لیے ایک بڑی ذمہ داری ہے، اور اب آپ کو محدود وسائل اور بڑھتے ہوئے مسائل کا سامنا ہوگا۔ لیکن انھوں نے اس بات پر زور دیا کہ مسائل کا حل پارٹی ویژن کے مطابق کام کرنا اور عوامی خدمت کے اصولوں پر عمل کرنا ہے۔
یاد رہے کہ کراچی کے 10 بلدیاتی اور ایک کنٹونمنٹ بورڈ کی نشستوں پر ہونے والے ضمنی انتخابات میں پیپلز پارٹی نے 9 نشستوں پر کامیابی حاصل کی۔ غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق، پیپلز پارٹی نے 4 چیئرمین، 4 کونسلر اور 1 وائس چیئرمین کی نشستیں جیتیں۔