اسلام آباد: وزارت داخلہ نے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کو ایک خط لکھ کر غیر قانونی وی پی این (ورچوئل پرائیویٹ نیٹ ورک) کی خدمات فوری طور پر بند کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزارت داخلہ کے مطابق، دہشت گرد گروہ وی پی این کا استعمال کر کے اپنے رابطوں اور سرگرمیوں کو چھپاتے ہیں، جس سے قومی سلامتی کو شدید خطرات لاحق ہیں۔
وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ دہشت گرد وی پی این کے ذریعے بینک ٹرانزیکشنز کرتے ہیں اور ان سے دہشت گردی کی فنڈنگ اور دیگر غیر قانونی سرگرمیاں سرانجام دیتے ہیں۔ علاوہ ازیں، وی پی این کا استعمال توہین آمیز اور نفرت انگیز مواد کی تشہیر کے لیے بھی کیا جا رہا ہے۔
وزارت داخلہ نے پی ٹی اے کو اس بات کی بھی تاکید کی ہے کہ غیر قانونی وی پی این کی بندش کے اس اقدام کو فوری طور پر نافذ کیا جائے تاکہ سکیورٹی کے لحاظ سے ممکنہ خطرات کا سدباب کیا جا سکے۔ وزارت نے اس معاملے کی نگرانی اور اس پر جلد عمل درآمد کو انتہائی ضروری قرار دیا ہے۔