موسمیاتی تبدیلی ایک سنگین مسئلہ، مشترکہ اقدامات ضروری:عطا اللہ تارڑ

 موسمیاتی تبدیلی ایک سنگین مسئلہ، مشترکہ اقدامات ضروری:عطا اللہ تارڑ

لاہور :وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کوپ 29 کانفرنس میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی دنیا بھر کے لیے ایک بڑا چیلنج ہے، اور مشترکہ کاوشوں کے ذریعے ہی آئندہ نسلوں کو محفوظ بنایا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کاربن کے اخراج میں کم سے کم حصہ دار ہے لیکن موسمیاتی تبدیلیوں سے شدید متاثر ہو رہا ہے، 2022 کے سیلاب میں ملک کو 30 ارب ڈالر سے زائد کا نقصان ہوا۔

ان کا کہنا تھا کہ ثقافت معاشروں کو جوڑنے کا ذریعہ ہے، اور موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے ثقافت اور مقامی روایات کو فروغ دینا ضروری ہے۔

واضح رہے کہ کوپ 29 کانفرنس باکو میں جاری ہے، جہاں 200 ممالک کے مندوبین موسمیاتی اثرات سے نمٹنے اور مالیاتی امور پر غور کر رہے ہیں۔ اقوام متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ 2024 میں درجہ حرارت کے ریکارڈ ٹوٹنے کا خدشہ ہے، جو غریب ممالک کے لیے شدید خطرہ ہے۔