عدنان صدیقی کی برطانوی بادشاہ چارلس سوئم سے خصوصی ملاقات

عدنان صدیقی کی برطانوی بادشاہ چارلس سوئم سے خصوصی ملاقات

اسلام آباد: پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کے معروف اداکار عدنان صدیقی نے 13 نومبر 2024 کو لندن میں برطانوی بادشاہ چارلس سوئم سے ملاقات کی۔ یہ ملاقات پکنگھم پیلس میں ایک شاہی تقریب کے دوران ہوئی، جو فلم اور ڈرامے کی معروف شخصیات کی خدمات کو سراہنے کے لیے منعقد کی گئی تھی۔

عدنان صدیقی، جنہوں نے 90 کی دہائی کے مقبول ڈرامے ’عروسہ‘ سے شہرت حاصل کی، نے اپنی اس یادگار ملاقات کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کیں۔ ان تصاویر میں وہ اور بادشاہ چارلس دوستانہ ماحول میں گفتگو کرتے نظر آئے، جبکہ بادشاہ انہماک سے ان کی بات سنتے دکھائی دیے۔

عدنان صدیقی نے تقریب کا دعوت نامہ بھی سوشل میڈیا پر پوسٹ کیا اور اس ملاقات کو ایک یادگار لمحہ قرار دیا۔ انہوں نے لکھا:

"بادشاہ سے ملاقات میرے لیے ایک منفرد تجربہ تھا۔ ان کی شخصیت میں لوگوں کو پرسکون اور خوش رکھنے کی خاص صلاحیت ہے۔"
انہوں نے مزید کہا کہ ایسی ملاقاتیں روزمرہ کی زندگی میں کم ہی ہوتی ہیں اور یہ لمحے ہمیشہ ان کے ذہن میں تازہ رہیں گے۔