کولمبو: سری لنکا میں ہونے والے پارلیمانی انتخابات میں صدر انورا کمارا ڈسانائیکے کے نیشنل پیپلز پاور (این پی پی) اتحاد نے 141 نشستیں حاصل کر کے بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔ سری لنکن الیکشن کمیشن کے مطابق، گزشتہ روز ہونے والی ووٹوں کی گنتی کے نتائج میں انورا کمارا ڈسانائیکے کی جماعت کو شاندار کامیابی ملی ہے۔
الیکشن کمیشن نے بتایا کہ بائیں بازو کے مارکسسٹ نظریات پر مبنی نیشنل پیپلز پاور اتحاد نے 196 نشستوں میں سے 141 نشستیں جیت کر پارلیمنٹ میں سب سے بڑی جماعت بننے کا اعزاز حاصل کیا۔
اس کے برعکس، اپوزیشن جماعت کو 35 نشستیں حاصل ہوئیں، جبکہ سابق صدر رانیل وکرما سنگھے کی پارٹی صرف 3 نشستوں تک محدود رہی۔ نیشنل پیپلز پاور اتحاد نے تقریباً 62 فیصد یعنی 70 لاکھ ووٹ حاصل کیے ہیں۔
سری لنکا میں حکومت بنانے کے لیے 225 نشستوں میں سے 113 نشستیں ضروری ہیں، اور نیشنل پیپلز پاور اتحاد نے یہ حد پار کر لی ہے۔ باقی 29 نشستوں پر سیاسی جماعتیں متناسب نمائندگی کی بنیاد پر اپنے نمائندے منتخب کریں گی۔
یاد رہے کہ اس انتخابات میں 8,800 امیدواروں نے حصہ لیا تھا اور نتائج نے ملک کے سیاسی منظرنامے کو مزید متحرک کر دیا ہے۔