وٹس ایپ میں نیا ڈرافٹ فیچر متعارف، استعمال کا طریقہ جانیں

03:44 PM, 15 Nov, 2024

نیوویب ڈیسک

کیلیفورنیا: وٹس ایپ نے اپنے صارفین کے لیے ایک نیا ڈرافٹ فیچر متعارف کرایا ہے، جس کا مقصد اُن پیغامات کو دوبارہ تلاش کرنا اور بھیجنا ہے جو کسی وجہ سے بھیجے نہیں جا سکے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ فیچر صارفین کو اُن پیغامات کو آسانی سے تلاش کر کے مکمل کرنے اور ارسال کرنے کا موقع دے گا جو کسی چیٹ میں ٹائپ تو کیے گئے مگر سینڈ کرنا بھول گئے۔

میٹا کے چیف ایگزیکٹو مارک زکربرگ نے اس فیچر کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ "ہم سب کو اس فیچر کی ضرورت تھی"۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ فیچر دنیا بھر میں اینڈرائیڈ اور آئی او ایس ڈیوائسز پر متعارف کرایا جا رہا ہے۔

یہ فیچر خاص طور پر اس وقت مفید ثابت ہوگا جب صارفین کسی وجہ سے پیغام ٹائپ کرنے کے بعد اسے بھیجنا بھول جائیں یا کسی اور کام میں مصروف ہو جائیں۔ اس فیچر کے ذریعے، صارفین اپنے نامکمل پیغامات کو فوری طور پر تلاش کر کے بھیج سکیں گے، اور انہیں پیغامات تلاش کرنے میں وقت ضائع نہیں ہوگا۔

اس فیچر کا استعمال کرنے کے لیے صارفین کو کسی خاص کوشش کی ضرورت نہیں۔ جب آپ وٹس ایپ کھولیں گے اور کسی چیٹ میں ڈرافٹ پیغام موجود ہوگا، تو وہ چیٹ سب سے اوپر نظر آئے گی جس پر "ڈرافٹ" کا نشان لگا ہوگا۔ صارفین اسے کھول کر اپنا پیغام مکمل کر کے بھیج سکیں گے۔

اس نئے فیچر کی بدولت وٹس ایپ نے صارفین کے لیے پیغامات کو زیادہ مؤثر اور آسان طریقے سے بھیجنے کا ایک اور قدم اٹھایا ہے۔

مزیدخبریں