عازمین حج کے لیے خوشخبری: تمام خاندان کو ایک ہی جگہ رہائش فراہم کی جائے گی

عازمین حج کے لیے خوشخبری: تمام خاندان کو ایک ہی جگہ رہائش فراہم کی جائے گی

اسلام آباد: عازمین حج کے خاندان کے تمام افراد کو ایک ہی مقام پر رہائش فراہم کرنے کی حکمت عملی تیار کر لی گئی ہے۔ وفاقی وزیر مذہبی امور چوہدری سالک حسین نے دوران حج ایک ہی خاندان کے افراد کی رہائشیں الگ الگ ہونے کے مسئلے کا حل نکال لیا ہے۔ اس ضمن میں بینکوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ایک ہی خاندان کے تمام افراد کے فارم ایک ہی سیریل نمبر کے تحت جمع کریں تاکہ تمام افراد کو حجاز مقدس میں ایک ہی مقام اور کمروں میں رہائش مل سکے۔

وزارت مذہبی امور کے ذرائع کے مطابق، فارم کے ساتھ ایک ہی سیریل نمبر کے تحت جمع ہونے سے عازمین حج کے خاندان کو ایک ہی جگہ رہائش ملے گی اور عبادات کے دوران بھی اہل خانہ کو ایک ساتھ رہنے کا موقع ملے گا، خاص طور پر ریاض الجنہ میں نفل عبادات کے وقت۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ماضی میں بینکوں کی لاپرواہی کی وجہ سے ایک ہی خاندان کے فارمز مختلف سیریل نمبرز کے تحت جمع ہو جاتے تھے، جس کے باعث عازمین حج کو رہائش اور عبادات میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔ تاہم اب وزارت مذہبی امور کی طرف سے بینکوں کو واضح ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ ایک ہی خاندان کے تمام افراد کی درخواستیں ایک ساتھ وصول کریں۔

وزارت مذہبی امور نے یہ بھی کہا کہ اس اقدام سے یہ یقینی بنایا جائے گا کہ ایک خاندان کے تمام افراد کو ایک ہی مقام پر رہائش فراہم کی جائے، تاکہ گزشتہ برسوں کی مشکلات کا تدارک کیا جا سکے۔

وفاقی وزیر مذہبی امور چوہدری سالک حسین نے ڈائریکٹر حج کو ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ عازمین حج کو مزید سہولتیں فراہم کی جائیں، تاکہ ان کا تجربہ خوشگوار اور آسان ہو۔

مصنف کے بارے میں