باران رحمت کے لیے پاکستان بھر میں نماز استسقا ء ادا

باران رحمت کے لیے پاکستان بھر میں نماز استسقا ء ادا

لاہور :  ملک بھر میں سموگ اور خشک سالی کی شدت کو کم کرنے کے لیے وزیر اعظم شہباز شریف کی اپیل پر نماز استسقا ادا کی گئی۔

 مختلف شہروں کی مساجد میں نماز جمعہ کے بعد شہریوں نے بارش کی دعا کے لیے ہاتھ اٹھائے، تاکہ قدرتی آفات کے اثرات کم ہوں اور موسم میں نرمی آئے۔

اسلام آباد کی فیصل مسجد، وزارت مذہبی امور کی عمارت، اور کوہسار بلاک کے لان میں بھی نماز استسقا ادا کی گئی۔ لاہور کی تاریخی بادشاہی مسجد اور پشاور سمیت دیگر شہروں میں بھی بڑی تعداد میں لوگوں نے نماز پڑھ کر دعا کی۔ نماز کے بعد سموگ اور خشک سالی کے خاتمے کے لیے اللہ کی بارگاہ میں استغاثہ کیا گیا۔

وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے یہ اپیل کی گئی تھی کہ ملک میں بڑھتی ہوئی سموگ، فضائی آلودگی اور خشک سالی کے اثرات کو کم کرنے کے لیے شہری نماز استسقا ادا کریں اور اللہ کے حضور دعا کریں تاکہ بارشوں کا آغاز ہو سکے اور زرعی پیداوار کی کمی کو روکا جا سکے۔

نماز استسقا ایک قدیم عبادت ہے جو خشک سالی یا پانی کی کمی کی حالت میں ادا کی جاتی ہے تاکہ اللہ سے بارش کی رحمت طلب کی جا سکے۔ اس موقع پر شہریوں نے اللہ کی رضا کی طلب میں اور اپنے ملک کی فلاح و بہبود کے لیے خصوصی دعا کی۔

مصنف کے بارے میں