بالی: انڈونیشیا کے مشرقی صوبے نوسا تینگارا کے علاقے فلوریس میں واقع آتش فشاں پہاڑ "لیووتوبی لاکی۔لاکی" نے دوبارہ راکھ اُگلنا شروع کر دی ہے۔ رپورٹ کے مطابق، جیولوجیکل آفات میں کمی کے مرکز کے سربراہ نے بتایا کہ 4 نومبر کو یہ آتش فشاں پہاڑ فعال ہوا تھا اور اس کے بعد سے 5 نومبر کو اس کے دہانے سے تین بار راکھ اُگی۔ آتش فشاں کی راکھ تقریباً 9 کلومیٹر تک بلند ہو گئی۔
تاہم، فی الحال کسی بھی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ 4 نومبر کو ہونے والے آتش فشانی دھماکوں میں 9 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ ان دھماکوں کے بعد، محکمہ آفات نے علاقے میں چوتھے درجے کا الرٹ جاری کر دیا تھا، جس کے تحت شہریوں کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی گئی تھی۔
یاد رہے کہ انڈونیشیا زمین کی آتش فشانی اور زلزلے والی بیلٹ پر واقع ہے، جہاں 130 سے زائد فعال آتش فشاں پہاڑ موجود ہیں، جو قدرتی آفات کے خطرات کو بڑھاتے ہیں۔