موسم کی تبدیلی کے اثرات، ڈینگی مچھروں کے وار کم ہونے لگے

موسم کی تبدیلی کے اثرات، ڈینگی مچھروں کے وار کم ہونے لگے

راولپنڈی: موسم کی تبدیلی کے باعث راولپنڈی میں ڈینگی مچھروں کی افزائش میں کمی آنا شروع ہو گئی ہے، تاہم ڈینگی کے مریضوں کی تعداد ابھی بھی تشویشناک حد تک موجود ہے۔

 گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران راولپنڈی میں 69 افراد میں ڈینگی کی تصدیق ہوئی ہے، جس کے بعد رواں سیزن میں ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 6055 تک پہنچ چکی ہے۔

ضلع راولپنڈی میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں سب سے زیادہ مریض پوٹھوہار ٹاؤن سے سامنے آئے، جہاں 27 افراد میں ڈینگی کی علامات پائی گئیں۔ اس کے علاوہ، میونسپل کارپوریشن حدود سے 15، راولپنڈی کنٹونمنٹ سے 16، کہوٹہ سے 6، چکلالہ کینٹ اور ٹیکسلا سے 3 تین مریض رپورٹ ہوئے۔

الائیڈ اسپتالوں میں ڈینگی کے 184 مریض زیر علاج ہیں، جن میں سے اکثر کی حالت مستحکم ہے۔ تاہم، پوٹھوہار ٹاؤن کا علاقہ ابھی تک ڈینگی کے ہاٹ سپاٹ کے طور پر برقرار ہے، اور وہاں انتظامیہ کی جانب سے اقدامات کے باوجود حالات مکمل طور پر قابو میں نہیں آ سکے۔

ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ڈینگی لاروا کی موجودگی پر سخت کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔ رواں برس اب تک ڈینگی لاروا ملنے پر 5717 ایف آئی آرز درج کی گئیں، جبکہ 1890 عمارتوں کو سربمہر کر دیا گیا اور 3492 چالان ٹکٹس جاری کیے گئے ہیں۔

موسم کی تبدیلی کے باوجود، شہریوں سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ اپنی رہائش گاہوں میں پانی جمع نہ ہونے دیں اور صفائی کا خاص خیال رکھیں تاکہ ڈینگی کے مزید پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔

مصنف کے بارے میں