دبئی : انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے بھارتی کرکٹ بورڈ سے چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستان نہ آنے کی تحریری وجوہات طلب کر لی ہیں۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آئی سی سی سے بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے پاکستان نہ جانے کے فیصلے کی تحریری کاپی مانگی تھی، جس پر بھارتی بورڈ نے آئی سی سی کو زبانی طور پر آگاہ کیا تھا۔
آئی سی سی نے بھارتی بورڈ کو اب تحریری وجوہات دینے کا حکم دیا ہے، جس کے بعد پاکستان ان وجوہات کے حوالے سے ٹھوس شواہد بھی طلب کر سکتا ہے۔ ذرائع کے مطابق اگر بھارتی بورڈ کی پیش کردہ وجوہات ناکافی یا جائز نہیں ہوئیں تو آئی سی سی بھارت کو پاکستان کا دورہ کرنے کی ہدایت کر سکتا ہے۔
اس صورتحال میں اگر بھارت چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستان نہ آیا تو آئی سی سی کو 50 کروڑ ڈالرز کا مالی نقصان ہونے کا امکان ہے، کیونکہ ٹورنامنٹ کے نشریاتی حقوق، اسپانسرشپ اور اشتہارات سے حاصل ہونے والی آمدنی متاثر ہو گی۔ دوسری طرف، بھارتی کرکٹ بورڈ کو صرف پاکستان نہ جانے کی صورت میں تقریباً 10 کروڑ ڈالرز کا نقصان ہونے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔