لاہور: یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز لاہور کے بورڈ آف اسٹڈیز ڈینٹسٹری کے 49ویں اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ بیچلرز آف ڈینٹل سرجری (بی ڈی ایس) پروگرام کا دورانیہ 4 سے بڑھا کر 5 سال کیا جائے گا۔
یہ فیصلہ سرکاری اور نجی ڈینٹل کالجز کے لیے کیا گیا ہے، اور پانچویں سال کی فیس نہیں لی جائے گی۔ اجلاس میں یہ بھی طے پایا کہ 2024 کے تعلیمی سیشن سے ڈینٹل کالجز کے لیے نیا نصاب متعارف کرایا جائے گا۔
وائس چانسلر یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز پروفیسر احسن وحید راٹھور نے اس موقع پر بتایا کہ نئے نصاب میں کمیونٹی ڈینٹسٹری اور طبی مہارتوں کو خصوصی اہمیت دی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس نئے نصاب میں زندگی بچانے والی مہارتوں (لائف سیونگ اسکلز) کو بھی شامل کیا جا رہا ہے۔
پروفیسر احسن وحید راٹھور نے مزید کہا کہ تمام ڈینٹل کالجوں کے سبجیکٹ اسپیشلسٹس اور میڈیکل ایجوکیشن کے ماہرین کو بھی اس نئے نصاب کے حوالے سے تربیت فراہم کی جائے گی تاکہ تعلیمی معیار کو بہتر بنایا جا سکے۔