نیو یارک : امریکا کے نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مشیر ایلون مسک نے اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب امیر سعید ایراوانی سے ملاقات کی ہے۔ امریکی میڈیا کے مطابق یہ ملاقات نیویارک میں ایک خفیہ مقام پر ہوئی، جس کی تصدیق ایرانی حکام نے کی ہے۔
ملاقات میں دونوں رہنماؤں کے درمیان امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کو کم کرنے کے حوالے سے گفتگو ہوئی۔ ایرانی حکام نے بتایا کہ اس ملاقات میں ایران پر عائد پابندیوں کے معاملے پر بات چیت کی گئی اور ایراوانی نے ایلون مسک سے درخواست کی کہ وہ امریکی وزارت خزانہ سے پابندیاں ہٹانے کی کوشش کریں اور ایران میں کچھ کاروباری سرگرمیاں شروع کرنے کی دعوت دیں۔
رپورٹس کے مطابق ایلون مسک نے یہ ملاقات کی درخواست کی تھی، جبکہ ملاقات کی جگہ کا انتخاب ایران کے سفیر نے کیا تھا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اس ملاقات سے متعلق اقوام متحدہ میں بائیڈن ایڈمنسٹریشن کے نمائندوں کو بھی آگاہ نہیں کیا گیا تھا، اور اقوام متحدہ میں ایرانی مشن نے ملاقات کی تردید بھی کی ہے۔
ملاقات کی خبریں سامنے آنے سے قبل، ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اقوام متحدہ کے ایٹمی واچ ڈاگ ادارے کے سربراہ سے ملاقات کی تھی اور کہا تھا کہ ایران اپنے ایٹمی پروگرام کے حوالے سے مذاکرات کے لیے تیار ہے، بشرطیکہ مذاکرات نیک نیتی اور حوصلے سے کیے جائیں۔
یاد رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی انتخابی مہم کے دوران کہا تھا کہ وہ جنگوں کا خاتمہ چاہتے ہیں، اور ان کے کمیونیکیشن ڈائریکٹر اسٹیون شیئنگ نے اس ملاقات پر تبصرہ کرنے سے انکار کیا تھا۔ ٹرمپ کی جانب سے ایران نیوکلیئر ڈیل ختم کرنے اور قاسم سلیمانی کے قتل کے بعد ایران اور امریکا کے تعلقات میں مزید کشیدگی آئی تھی، جس کے بعد ایران نے ٹرمپ انتظامیہ سے مذاکرات ختم کر دیے تھے۔