کوئٹہ: کوئٹہ سے اندرونِ ملک ٹرین سروس کو آج سے دوبارہ بحال کر دیا گیا ہے، جو چند دن قبل امن و امان کی صورتحال کے باعث معطل کر دی گئی تھی۔
ریلوے حکام کے مطابق، پشاور کے لیے جعفر ایکسپریس آج صبح 9 بجے روانہ ہو گئی ہے، تاہم چمن کے لیے ٹرین سروس ابھی بھی معطل رہے گی۔
محکمہ ریلوے نے یہ فیصلہ کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر ہونے والے بم دھماکے کے بعد امن و امان کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا تھا۔ دھماکے میں 28 افراد کی جانیں گئیں اور 60 سے زائد افراد زخمی ہوئے تھے۔ دھماکے کے بعد ریلوے حکام نے حفاظتی وجوہات کی بنا پر ٹرین سروس کو معطل کر دیا تھا، جسے چار دن بعد بحال کر دیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ ہفتے کے روز کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر ہونے والے بم دھماکے نے شہر میں خوف و ہراس پھیلایا تھا، اور اس واقعے کے بعد سکیورٹی کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے سروس معطل کی گئی تھی۔