ننکانہ صاحب: بابا گرو نانک کے 555 ویں جنم دن کی تقریبات آج دوسرے روز بھی جوش و خروش سے جاری ہیں۔ یہ تقریبات 14 نومبر سے 16 نومبر تک جاری رہیں گی، اور اس دوران دنیا بھر سے سکھ یاتری مذہبی رسومات ادا کر رہے ہیں۔
سکھ یاتری اکھنڈ پاٹھ، متھا ٹیکی، اشنان اور شبد کیرتن کی رسومات میں شریک ہیں۔ آج نگر کیرتن کا جلوس گرودوارہ جنم استھان سے شروع ہوگا اور مختلف گرودوارہ جات کی یاترا کرتے ہوئے رات کو واپس جنم استھان پہنچ کر اختتام پذیر ہو گا۔ اس جلوس میں ہزاروں سکھ یاتری شریک ہیں، جو اپنے مذہبی عقائد کی ادائیگی میں مصروف ہیں۔
اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، جن میں چھتوں پر سنائپرز کی تعیناتی اور تین ہزار سے زائد پولیس اہلکاروں کی ڈیوٹی شامل ہے تاکہ یاتریوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔ انتظامیہ کی جانب سے آج ضلع ننکانہ صاحب میں چھٹی بھی اعلان کی گئی ہے تاکہ یاتری بغیر کسی رکاوٹ کے اپنی عبادات کر سکیں۔
رات کو سکھ یاتریوں کے لیے آتشبازی کا بھی اہتمام کیا گیا ہے، جس سے ماحول مزید خوشگوار اور روحانی ہو جائے گا۔