ٹورانٹو:کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو کا نیتن یاہو سے سوشل میڈیا پر مکالمہ ہو اہے۔ا س میں کینیڈین وزیرا عظم نے اسرائیلی وزیرا عظم سے جنگ بندی کا مطالبہ کرنے کے ساتھ ساتھ آپریشن کو روکنے کاکہا ہے۔ غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت پر کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو اور ان کے اسرائیلی ہم منصب بن یامین نیتن یاہو کے درمیان سوشل میڈیا پر مکالمہ ہوا ہے۔
کینیڈین وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے اپنے بیان میں کہااسرائیل کو چاہیے کہ غزہ میں اپنے فوجی آپریشن کو لگام دے، غزہ میں عورتوں، بچوں اور شیرخواروں کی ہلاکتیں دیکھ رہے ہیں، یہ سب رکنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ غزہ میں انسانی المیہ، خصوصاً الشفا ہسپتال کے واقعات دل کو جھنجھوڑنے والے ہیں، جنگ کے بھی کچھ اصول ہوتے ہیں، اسرائیلی ہوں یا فلسطینی، ہر معصوم زندگی برابر ہوتی ہے۔
کینیڈین وزیراعظم نے اسرائیلی حکومت سے مطالبہ کیا کہ حتی الامکان تحمل کا مظاہرہ کرے۔جسٹن ٹروڈو کے بیان پر اسرائیلی وزیر اعظم بن یامین نیتن یاہو نے ٹویٹر ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے کہاکہ حماس نے جو کچھ کیا وہ یہودیوں کے ساتھ ہولوکاسٹ کے بعد سب سے بڑا ظلم ہے۔ اسرائیل عام شہریوں کو خطرے کی راہ سے ہٹانے اور حماس خطرے کی راہ پر ڈالنے میں لگی ہے۔