عثمان بزدار کو وزیرِ اعلیٰ بنانا ہی نہیں چاہیے تھا، فرح گوگی کو کرپشن پر سخت سزا ملنی چاہیے: رہنما پی ٹی آئی

عثمان بزدار کو وزیرِ اعلیٰ بنانا ہی نہیں چاہیے تھا، فرح گوگی کو کرپشن پر سخت سزا ملنی چاہیے: رہنما پی ٹی آئی
سورس: File

لندن: پی ٹی آئی رہنما ذلفی بخاری نے کہا کہ عثمان بزدار کو پنجاب کا وزیر اعلیٰ بنا نا غلط چوائس تھی، نہیں بنانا چاہیے تھا۔

لندن میں جمہوریت بحران کا شکار کے موضوع پر گفتگو کرتے ہوئے  سابق معاون خصوصی ٹو وزیر اعظم ذلفی بخاری کا کہنا تھا کہ فرحت شہزادی کا پاکستان تحریک انصاف سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ انہوں نے اگر کرپشن کی ہے تو انہیں سخت سزا ملنی چاہیے۔ 

 پی ٹی آئی کے رہنما ذلفی بخاری نے عثمان بزدار کو وزیر اعلٰی بنانے کے حوالے سے کہا کہ سابق وزیر اعظم کو احساس ہو گیا تھا کہ عثمان بزدار غلط چوائس ہیں، انہیں وزیر اعلیٰ بنانا ہی نہیں چاہیے تھا لیکن بعد میں ان کو عہدے سے ہٹانا مناسب نہیں سمجھا۔ 

ذلفی بخاری کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے چند قریبی لوگ میرے خلاف مقدمات بنانے والوں میں شامل تھے،  رنگ روڈ اسکینڈل میرے خلاف ایک سازش تھی، ثبوت نہ ہونے کے سبب پیش رفت نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ مجھ پر مقدمات بنانے والا ایک وعدہ معاف گواہ بن گیا اور دوسرا ملک چھوڑ کر بھاگ گیا۔ رنگ روڈ اسکینڈل میرے خلاف ایک سازش تھی، ثبوت نہ ہونے کے سبب پیش رفت نہیں ہوئی۔

 
انہوں نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات کی پوری پی ٹی آئی نے مذمت کی تھی، جناح ہاؤس پر حملے کی سخت مذمت کی، تاریخ میں پہلی مرتبہ میڈیا سخت ترین دور سے گزر رہا ہے، پاکستان میں زبردستی سیاست چھوڑنے والوں کا ووٹ بینک بھی ختم ہو گیا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما کا کہنا ہے کہ نگراں وزیرِ اعظم کی حیثیت کٹھ پتلی سے زیادہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ میرے جیل میں جانے سے فائدہ نہیں ہو گا، وقت آنے پر ہم میدان میں ہوں گے،  50 فیصد بھی پلیئنگ فیلڈ ملی تو الیکشن جیت جائیں گے۔

ذلفی بخاری نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ سے انصاف کی امید ہے، بر وقت انتخابات کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو متحد ہونا چاہیے، پاکستان میں انتخابات میں دھاندلی کے لیے کام شروع ہو چکا، پاکستان کی معاشی حالت تباہی کی طرف جا رہی ہے، شفاف انتخابات ہی ملک میں معاشی استحکام لائیں گے۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ذلفی بخاری نے کہا کہ  190 ملین پاؤنڈ کسی کے جیب میں نہیں سپریم کورٹ کے اکاؤنٹ میں ہیں۔

مصنف کے بارے میں