راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے الوداعی دورے جاری ہیں اور آج انہوں نے پاکستان ملٹری اکیڈمی اور بلوچ رجمنٹل سینٹرایبٹ آباد کا دورہ کیا اور کیڈٹس کو بہترین پیشہ ورانہ کارکردگی اپنانے کی ہدایت کی۔
پاک فوج کے تعلقات عامہ کے شعبہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاکستان ملٹری اکیڈمی پہنچنے پر کور کمانڈر راولپنڈی لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا نے سپہ سالار کااستقبال کیا جبکہ آرمی چیف نے یادگار شہداءپر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل قمر جاوید باجوہ نے پی ایم اے میں کیڈٹس اور افسران سے ملاقات بھی کی اور افسران اور جوانوں سے خطاب میں پاکستان ملٹری اکیڈمی کے بہترین تربیتی معیار کو سراہا اور کیڈٹس کو بہترین پیشہ ورانہ کارکردگی اپنانے کی ہدایت کی۔
بعد ازاں آرمی چیف نے بلوچ رجمنٹل سینٹرکا دورہ کیا جہاں لیفٹیننٹ جنرل اظہرعباس نے ان کا استقبال کیا جبکہ آرمی چیف نے یادگار شہداءپر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے بلوچ رجمنٹ کے حاضر سروس اور ریٹائرڈ افسران سے ملاقات کی اور ان کی خدمات پر خراج تحسین پیش کیا۔