الیکشن کمیشن نے منسٹر لوکل گورنمنٹ، چیف سیکرٹری اور سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کو طلب کر لیا

الیکشن کمیشن نے منسٹر لوکل گورنمنٹ، چیف سیکرٹری اور سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کو طلب کر لیا

اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے لوکل گورنمنٹ کے انتخابات کے سلسلے میں منسٹر لوکل گورنمنٹ، چیف سیکرٹری اور سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کو طلب کر لیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق چیف الیکشن کمشنر آف پاکستان کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا جس دوران سیکرٹری الیکشن کمیشن نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پنجاب نے لوکل گورنمنٹ انتخابا ت کے انعقاد کیلئے قانون سازی کی ہے اور پنجاب اسمبلی نے لوکل گورنمنٹ بل منظور کر لیا ہے۔ 
سیکرٹری الیکشن کمیشن نے بتایا کہ صوبائی حکومت کی طرف سے ڈرافٹ رولز موصول ہوئے ہیں لیکن الیکشن کمیشن کو ڈیٹا اور نقشہ جات وغیرہ تاحال مہیا نہیں کئے گئے جس کا الیکشن کمیشن نے نوٹس لیا اور ریمارکس دئیے کہ پہلے بھی الیکشن کمیشن 2 مرتبہ حلقہ بندیوں کی تکمیل کر چکا ہے۔ 
الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ ان حلقوں پر آنے والے اخراجات قومی خزانہ پر بوجھ ثابت ہوئے اور صوبائی حکومت کے غیر سنجیدہ روئیے سے صوبہ میں الیکشن کا انعقاد ممکن نہیں ہو سکا اور اب الیکشن کمیشن کو تیسری مرتبہ حلقہ بندیاں کرنی پڑیں گی۔ 
ذرائع کے مطابق چیف الیکشن کمشنر نے ریمارکس دئیے کہ الیکشن کمیشن لوکل گورنمنٹ الیکشن 120دن کے اندر کرانے کا پابند ہے، الیکشن کمیشن نے منسٹرلوکل گورنمنٹ، چیف سیکرٹری اور سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کو طلب کر لیا۔ 

مصنف کے بارے میں