نیویارک : اقوام متحدہ نے اعلان کیا ہے کہ دنیا کی آبادی آج 8 ارب ہوگئی ہے۔ 12 سال میں ایک ارب لوگوں کا اضافہ ہوا۔ آبادی کے لحاظ سے چین پہلے، بھارت دوسرے ، امریکا تیسرے ، انڈونیشیا چوتھے اور پاکستان پانچویں نمبر پر ہے۔
اقوام متحدہ کی رپورٹ کے مطابق 1800 کے اوائل میں انسانی آبادی ایک ارب تک پہنچی اور 1928 میں 2 ارب ہوئی۔ 1975 میں انسانی آبادی 4 ارب تک پہنچی اور اب یہ 8 ارب کے سنگ میل کو عبور کرنے والی ہے۔
اقوام متحدہ کے مطابق انسانی آبادی میں اضافے کی وجہ انسانی عمر میں بتدریج اضافہ ہے کیونکہ صحت، غذا، ذاتی صفائی اور ادویات کے نظام بہتر ہوئے ہیں۔اسی طرح کچھ ممالک میں زیادہ شرح پیدائش کا تسلسل بھی برقرار رہا ہے۔
عالمی ادارے کے مطابق 7 ارب کے بعد آبادی کو 8 ارب ہونے میں 12 سال لگے جبکہ 9 ارب کے سنگ میل تک پہچنے میں 15 سال (2037 میں ایسا ہوگا) لگ جائیں گے۔