عمران خان کی تقاریر سے دماغ پر اثر ہوگیا تھا، چیف الیکشن کمشنر معاف کردیں: قتل کی دھمکیاں دینے والے پی ٹی آئی رہنما کا ویڈیو بیان

09:37 AM, 15 Nov, 2022

نیوویب ڈیسک

مریدکے : مدینہ منورہ سے چیف الیکشن کمشنر اور ان کی فیملی کو قتل کی دھمکیاں دینے والے پی ٹی آئی کے مقامی رہنما خرم حمید نے کہا ہے کہ عمران خان کی تقاریر کا دماغ پر اثر ہوگیا تھا جس کی وجہ سے چیف الیکشن کمشنرکو قتل کی دھمکیاں دیں میں ان سے معافی مانگتا ہوں۔ 

پی ٹی آئی مریدکے کے جنرل سیکرٹری خرم حمید نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ مجھ سے غلطی ہوگئی تھی ۔ میرے چھوٹے چھوٹے بچے ہیں ۔ ہم چھ بہن بھائی ہیں۔محنت مزدوری کرتے ہیں ہمارا کوئی کرمنل ریکارڈ نہیں ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی تقاریر سن کر جذباتی ہوگیا تھا اور چیف الیکشن کمشنر اور ان کی فیملی کو قتل کی دھمکیاں دیں۔ میں اس بات پر دل سے شرمندہ ہوں۔ میری 8 دن ہوئے ضمانت ہوگئی ہے اور میں اپنے بیوی بچوں میں ہوں لیکن میرا دل پشیمان تھا اس لیے یہ ویڈیو جاری کر رہا ہوں۔ 

خرم حمید نے مزید کہا کہ میں ہاتھ جوڑ کر چیف الیکشن کمشنر اور ان کی فیملی سے معافی مانگتا ہوں۔ ملک کے سیکیورٹی اداروں سے بھی معافی مانگتا ہوں ۔ 

مزیدخبریں