اسلام آباد:مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہےکہ اس شخص سے ڈرنا چاہیے جو صبر کرے اور اپنا فیصلہ اللہ پہ چھوڑ دے۔
مریم نواز نے ٹویٹر پر اپنے والد اور سابق وزیراعظم کا میں اپنا فیصلہ اللہ پر چھوڑتا ہوںجملہ اور گلگت بلتستان کے سابق چیف جج کا حلفیہ بیان شیئر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس میں ظالموں کے لیے بہت بڑا سبق ہے!
اس شخص سے ڈرنا چاہیے جو صبر کرے اور اپنا فیصلہ اللّہ پہ چھوڑ دے۔ اس میں ظالموں کے لیے بہت بڑا سبق ہے! pic.twitter.com/8Lx0O4BGhg
— Maryam Nawaz Sharif (@MaryamNSharif) November 15, 2021
انہوں نے کہا کہ اس شخص سے ڈرنا چاہیے جو صبر کرے اور اپنا فیصلہ اللّہ پہ چھوڑ دے۔
واضح رہے اس وقت سابق چیف جسٹس گلگت بلتستان رانا شمیم کے نواز شریف اور مریم نواز کی ضمانت سے متعلق بیان کے خوب چرچے ہیں جس کے تناظر میں ہی مریم نواز نے ٹوئٹ کیا ہے ۔
سابق چیف جسٹس گلگت بلتستان رانا شمیم نے بیان حلفی سے متعلق کہا کہ وہ اپنے بیان حلفی میں لکھی تحریر پر قائم ہیں اور یہ کہ وہ بڑے عرصے سے اس بات کا بوجھ اپنے ضمیر پر لے کر چل رہے تھے لیکن اب مزید اس بوجھ کو اٹھانے کی ہمت نہیں تھی اس لیے انھوں نے اس واقعہ سے متعلق بیان حلفی پر سب کچھ کہہ دیا ہے،رانا شمیم کا کہنا تھا کہ اگر اس سلسلے میں حقائق جاننے کے لیے کوئی کمیشن بنایا جاتا ہے تو وہ اس کے سامنے پیش ہونے کو بھی تیار ہیں۔
سابق چیف جسٹس گلگت بلتستان رانا شمیم کے نواز شریف اور مریم نواز کی ضمانت سے متعلق متضاد بیان حلفی پر وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ بظاہر اس پلان کے پیچھے مسلم لیگ ن لگتی ہے کیونکہ مسلم لیگ ن عدالتوں پر اثرانداز ہونے کے حوالے سے اپنی تاریخ رکھتی ہے۔
خیال رہے اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق چیف جسٹس پاکستان ثاقب نثار کے نواز شریف اور مریم نواز کی ضمانت کیس پر اثرانداز ہونے کے دعوے کا نوٹس لیتے ہوئے سابق چیف جج گلگت بلتستان رانا شمیم کو منگل کے روز عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔