اسلام آباد : وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بدھ کو 2 بجے سہ پہر طلب کیا جائے گا ۔ اتحادی جماعتیں ہمارے ساتھ ہیں اور قانون سازی پر ہمارا ساتھ دیں گی۔ وزیراعظم نے اتحادیوں کے تمام تحفظات دور کردیے ہیں۔
وزیر داخلہ شیخ رشید اور دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس میں فواد چودھری نے کہا کہ ن لیگ نے ہمیشہ عدلیہ کو متنازعہ بنایا۔ رانا شمیم کو گلگت بلتستان کا چیف جسٹس بھی ن لیگ نے ہی لگایا تھا۔ آج لیگی رہنماؤں نے عدلیہ پر پھر تنقید کی ہے۔
فواد چودھری کا کہنا تھا کہ اعلیٰ عدلیہ نے رانا شمیم کے بیان کا نوٹس لیا جو کہ خوش آئند ہے۔ شاہد خاقان عباسی اور خواجہ آصف نے اپنی نیوز کانفرنس میں عدلیہ پر تنقید کی ہے۔ نوٹس ہونے کے بعد یہ پریس کانفرنس توہین عدالت ہے۔
فواد چودھری نے مزید کہا کہ اتحادیوں کے ساتھ اجلاس میں تمام اتحادی شریک ہوئے اور ق لیگ کی طرف سے طارق بشیر چیمہ اور مونس الہٰی نے شرکت کی جنہوں نے وزیراعظم کو مکمل حمایت کا یقین دلایا۔