لاہور: معروف ٹیکنالوجی کمپنی سام سنگ کی جانب سے آئندہ سال کے آغاز میں نئے فلیگ شپ سمارٹ فونز گلیکسی ایس 22، ایس 22 پلس اور ایس 22 الٹرا متعارف کرانے کی تیاریاں کی جارہی ہیں تاہم ان کی قیمتوں سے متعلق معلومات ابھی سے ہی سامنے آ گئی ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سام سنگ نے رواں سال جنوری میں ایس 21 سیریز متعارف کرائی تھی اور اگر اس تناظر میں دیکھا جائے تو گمان کیا جا سکتا ہے کہ گلیکسی سمارٹ فونز کی اگلی سیریز ایس 22 کو 2022ءکے آغاز میں پیش کیا جاسکتا ہے اور اگر جنوری میں نہیں تو فروری میں یہ فونز متعارف کرا دئیے جائیں گے۔
ایس 22 سیریز کے فونز کے حوالے سے لیکس کا سلسلہ تو جاری تھا ہی مگر اب ایک نئی لیک میں اس سیریز کے تینوں فونز کی قیمتیں بھی سامنے آ گئی ہیں اور ایک ٹوئٹر صارف کی جانب سے ایس 22، ایس 22 پلس اور ایس 22 الٹرا کی قیمتوں کو لیک کیا گیا ہے۔
لیک کے مطابق گلیکسی ایس 22 کی قیمت 849 ڈالرز (تقریباً ایک لاکھ 49 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) سے شروع ہو گی جبکہ ایس 22 پلس کیلئے صارفین کو ایک ہزار 49 ڈالرز (تقریباً ایک لاکھ 84 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) خرچ کرنا ہوں گے۔
اس سیریز کا سب سے طاقتور فون ایس 22 الٹرا کی قیمت بھی سب سے زیادہ 1299 ڈالرز (تقریباً 2 لاکھ 28 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) ہو گی جس کا مطلب ہے کہ ایس 21 سیریز کے مقابلے میں اس مرتبہ قیمتوں میں 50 سے 100 ڈالرز کا اضافہ کیا جا رہا ہے البتہ تمام فونز کی سٹوریج 256 گیگا بائٹ (جی بی) ہی ہو گی۔
سام سنگ کی نئی سیریز ایس 22 کی قیمتیں لیک ہو گئیں
05:36 PM, 15 Nov, 2021