دودھ نہ دینے پر بھارتی کسان کی اپنی ہی بھینس کے خلاف شکایت لے کر تھانے پہنچ گیا

دودھ نہ دینے پر بھارتی کسان کی اپنی ہی بھینس کے خلاف شکایت لے کر تھانے پہنچ گیا
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

نئی دہلی: بھارتی ریاست مدھیہ پردیش میں پولیس اس وقت حیران رہ گئی جب ایک کسان بھینس کے دودھ نہ دینے پر شکایت درج کرانے تھانے پہنچ گیا اور بعد ازاں اپنی بھینس ہی تھانے لے آیا کہ پولیس والے اس کا دودھ دھونے میں میری مدد کریں۔ 
بھارتی میڈیا کے مطابق مدھیہ پردیش کے علاقے بھنڈ میں بابو لال جاتیو نامی ایک کسان پولیس سٹیشن میں اپنی بھینس کے دودھ نہ دینے کی عجیب و غریب شکایت لے کر پہنچا تو پولیس والے بھی حیران پریشان رہ گئے۔ کسان نے شک کا اظہار کیا کہ اس کی بھینس پر کسی نے جادو کروا دیا ہے جس کے باعث وہ دودھ نہیں دے رہی۔ 
رپورٹ کے مطابق بابو لال نے پہلے تو تھانے میں درخواست دی اور تھر تقریباً 4 گھنٹوں بعد وہ اپنی بھینس کو لے کر تھانے پہنچ گیا کہ اس کا دودھ دھونے میں میری مدد کی جائے۔ بابولال نے نیاگاؤں پولیس سٹیشن کے انچارج ہرجیندرا سنگھ چوہان سے کہا کہ میری بھینس پانچ سے ساڑھے پانچ کلو دودھ دیتی تھی لیکن اب نہیں دیتی، اس لئے میں چاہتا ہوں کہ پولیس والے میری بھینس کا دودھ دھونے میں میری مدد کریں۔ 
ایک پولیس اہلکار کے مطابق بابولال کی شکایت پر ویٹرنری ڈاکٹر سے رابطہ کر کے اس کی رائے طلب کی گئی جس نے ہرجیندرا سنگھ کو کچھ ہدایات دیں جو بابولال تک پہنچا دی گئیں اور ان ہدایات پر عمل کرتے ہوئے جب اس نے بھینس کا دودھ دھونے کی کوشش کی تو اس میں کامیاب بھی ہو گیا۔ 
بابولال نے اگلے روز پولیس سٹیشن میں ایک اور درخواست جمع کرائی جس کے ذریعے اس نے مسئلہ حل کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ پولیس سٹیشن انچارج نے بابو لال کو ہدایت کی کہ اگلی مرتبہ ایسا ہونے پر وہ پولیس سٹیشن نہیں بلکہ جانوروں کے ہسپتال سے رابطہ کرے۔ 

مصنف کے بارے میں