کراچی: سندھ ہائیکورٹ نے پی پی رہنما شرجیل میمن کا نام عارضی طور پر ای سی ایل سے نکال دیا۔ سندھ ہائی کورٹ نے شرجیل میمن کو بیرون ملک سفر کی اجازت دے دی ۔
تفصیلات کے مطابق سندھ ہائیکورٹ میں شرجیل میمن کا نام ای سی ایل فہرست سے نکالنے کی درخواست پر سماعت ہوئی۔
پی پی رہنما نے دبئی میں ہونے والی نمائش میں شرکت کے لئے عدالت سے اجازت طلب کی تھی ۔شرجیل میمن کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ حکومت سندھ نے شرجیل میمن کو نمائش کے لیے فوکل پرسن بنایا ہے اس لیے حکومت کی جانب سے ان کی شرکت ضروری ہے لہٰذا عدالت انہیں جانے کی اجازت دے، ان کے مؤکل 15 دسمبر سے 29 جنوری 2022 تک دبئی ایکسپو میں شرکت کریں گے۔
عدالت نے نیب پراسیکیوٹر اور شرجیل میمن کے وکیل کا مؤقف سننے کے بعد پی پی رہنما کا نام عارضی طورپر ای سی ایل سے نکالنے کا حکم دیا اور انہیں دبئی جانے کی اجازت دے دی۔
یاد رہے کہ عدالت نے شرجیل میمن کو 10 لاکھ روپے زر ضمانت جمع کرانے کی ہدایت کی ہے ۔