سوشل میڈیا پر اوقات کار بارے چلنے والی خبریں من گھڑت ہیں ، ترجمان محکمہ سوئی گیس

08:52 AM, 15 Nov, 2021

لاہور:محکمہ سوئی گیس نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر گیس کے اوقات بارے چلنے والی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے ۔ محکمے کی طرف سے ایسا کوئی شیڈول جاری نہیں کیا گیا ۔

تفصیلات کے مطابق سوئی ناردرن گیس ( ایس این جی پی ایل ) کے ترجمان کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر سوئی گیس کے اوقات کار کے حوالے سے چلنے والی خبریں من گھڑت ہیں اور ان میں کوئی صداقت نہیں ہے ۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ محکمہ سوئی گیس کی طرف سےگھریلو صارفین کے  لئے گیس کی فراہمی کو یقینی بنانا اولین ترجیح ہےاور وزارت کی طرف سے بھی اس کے لئے خصوصی احکامات جاری کئے گئے ہیں ۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ گھریلو صارفین کو گیس کی فراہمی کے لئے مینجمنٹ کمیٹی اجلاس میں پالیسی طے کی جارہی ہے  اور اس بارے میں جلد حتمی اعلان کیا جائے گا ۔ 

یاد رہے کہ وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر کی طرف سے کہا گیا تھا کہ ملک میں گیس کی کمی ہے اور سردیوں میں  گیس کی کمی کی وجہ سے بحرانی کیفیت پیدا ہوسکتی ہے ۔جس کے بعد سوشل میڈیا پر خبریں چلنا شروع ہوگئیں کہ گھریلو صارفین کو دن میں تین مرتبہ گیس ملے گی اور ایس این جی پی ایل کی طرف سے فرضی اوقات کار بھی وائرل ہوگئے تھے ۔

مزیدخبریں