اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کا اجلاس کل طلب کر لیا ہے۔ اجلاس میں مہنگائی کی صورتحال اور معاشی اشاریوں پر تبادلہ خیال ہوگا۔ کابینہ اجلاس کا آٹھ نکاتی ایجنڈا جاری کردیا گیا ہے۔
نیو نیوز کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس منگل کو وزیراعظم ہاؤس میں ہو گا۔ اجلاس میں ملکی سیاسی و معاشی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔ کابینہ اجلاس میں آٹھ نکاتی ایجنڈے پر تبادلہ خیال ہوگا۔
کابینہ کو وزارتوں اور ڈویژنز میں خالی آسامیوں بارے بریفنگ دی جائے گی۔ کابینہ وزارت دفاعی پیداوار ڈویزن کی سمری پر پی او ایف اینڈ ایچ آئی ٹی بورڈ میں منسٹیریل کوآرڈینشن ممبر کی تعیناتی کی منظوری دے گی۔
میجر جنرل آصف حسین کو ڈی جی پاکستان رینجرز پنجاب تعیناتی کی منظوری دی جائے گی۔ کابینہ میجر جنرل محمد منیر افسر کی بطور آئی جی ایف سی کے پی ساؤتھ تعیناتی کی منظوری دے گی۔
میجر جنرل کمال انور چوہدری کی بطور آئی جی ایف سی بلوچستان ساوتھ (تربت) کی تعیناتی بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔ دونوں آئی جیز ایف سی کی تعیناتیوں کی سمری وزارت داخلہ نے بھجوائی۔
کابینہ وزارت آئی ٹی کی سمری پر ممبر الیکٹرانک سرٹیفیکیشن ایکریڈیشن کونسل کی تقرری کی منظوری دے گی۔ کابینہ وزارت پاور ڈویژن کی سمری پر حیسکو کے سی ای او کو ہٹانے کی بھی منظوری دے گی۔
وزارت تخفیف غربت کی جانب سے کریانہ سٹورز کو انسنٹیو دینے سے متعلق بریفنگ اور کابینہ کمیٹی برائے توانائی کے فیصلوں کی توثیق بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔