لاہور ، پاکستان فلم انڈسٹری کے معروف ڈائریکٹر اقبال کاشمیری شوگر اور گردوں کے عارضے میں مبتلا تھے۔ اسی سالہ اقبال کاشمیری پچھلے چند ہفتوں سے ہسپتال میں زیر علاج تھے اور ڈاکٹروں نے ان کی حالت تشویشناک بتائی تھی ۔
پاکستان فلم انڈسٹری کے لئے ہدایتکاراقبال کاشمیری کی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا ۔ کیرئیر کے آغاز میں ہی ان کی ڈائریکشن میں بننے والی کئی فلموں نے ریکارڈکامیابی حاصل کی ۔
اقبال کاشمیری نے ٹیکسی ڈرائیور،بابل،بنارسی ٹھگ ،الٰہ دین ،سستاخون مہنگاپانی ،یاردیس پنجاب دے ،ضدی ،جاگدے رہنا،دیوداس ،بلیک میل ،مکھڑا،شیردل جیسی فلموں میں ڈائریکشن کے فرائض انجام دیئے ۔
اقبال کاشمیری نے کیرئیر میں چوراسی فلموں میں ڈائریکشن دی ۔ جن میں سے 38 اردو 34 پنجابی اور دو پشتو شامل ہیں ۔ وہ ان دنوں کراچی میں بننے والی فلم" بینڈ تو اب بجے گا " پر کام کررہے تھے ۔
اقبال کاشمیری کو ایک ہی وقت میں اردو اور پنجابی فلموں میں ڈائریکشن پر ملکہ حاصل تھا ۔ اقبال کاشمیری کی ہدایتکاری میں بننے والی کئی فلموں کاہمسایہ ملک میں چربہ بھی کیا گیا ۔
ہدایتکار اقبال کاشمیری کی وفات پر پاکستان فلم انڈسٹری میں سوگ کا عالم ہے ۔ اقبال کاشمیری نے سوگواران میں چار بیٹیاں اور دو بیٹے چھوڑے۔