گلگت بلتستان الیکشن،پولنگ سٹیشن پر تعینات پولیس اہلکار کا ہارٹ اٹیک سے انتقال

03:26 PM, 15 Nov, 2020

گلگت:تانگیر میں پولنگ سٹیشن پر تعینات خیبر پختونخوا پولیس کا اہلکار ہارٹ اٹیک سے انتقال کرگیا۔ذرائع کے مطابق آج صبح شروع ہونے والی گلگت بلتستان میں پولنگ کا عمل جاری ہے جبکہ کےپی کے پولیس کا سپاہی راج ولی سکنہ چارسدہ بلیٹ نمبر 312 دوران الیکشن ڈیوٹی ہارٹ اٹیک سے انتقال کرگئے ہیں۔


ملک میں بارش اور برفباری سے موسمی درجہ حرارت میں تو کمی آگئی، لیکن گلگت بلتستان الیکشن کے تناظر میں سیاسی ماحول شدید گرم ہے، اپوزیشن اور حکومتی رہنما ایک دوسرے پر لفظی گولہ باری کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں جبکہ اپوزیشن والے حکومت پر الیکشن میں دھاندلی کے الزامات عائد کر رہے ہیں ۔


حکومتی رہنمائوں کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کے الزامات پر کھسیانی بلی کھمبا نوچے کا محاورہ صادق آتا ہے۔لیگی رہنما عظمیٰ بخاری نے وزیر اعلیٰ پنجاب اور فردوس عاشق اعوان کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ قوم نئے پاکستان اور تبدیلی کے خواب سے جاگ چکی،خدارا ہمیں نیا گلگت بلتستان نہیں چاہئے۔


حکومتی رہنمائوں نے بھی بھرپور جواب دیا اور وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ آج انشا اللہ فتح تحریک انصاف کا مقدر ہوگی،گلگت بلتستان کے لئے تاریخ ساز ترقیاتی پروگرام پر کام لائیں گے۔


وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اپنے بیان میں کہا کہ با شعور عوام نااہل اور کرپٹ چہروں سے واقف ہیں جبکہ اپوزیشن کو نوشتہ دیوار پڑھ لینا چاہئے۔معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان بھی پیچھے نہ رہیں اور کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام آج نئے گلگت بلتستان کی بنیاد رکھنے جا رہے ہیں، گلگت کی ترقی اور خوشحالی پر مہر ثبت کریں گے۔


واضح رہے کہ گلگت بلتستان میں پولنگ کا عمل جاری ہے، ووٹنگ بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔ 23 نشستوں پر 323 امیدوار میدان میں ہیں۔ ووٹنگ کیلئے 1160 پولنگ سٹیشن اور 847 پولنگ بوتھ قائم کئے گئے ہیں۔ 7 لاکھ 45 ہزار سے زائد شہری اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔

مزیدخبریں