لاہور: شوبز انڈسٹری سے توبہ کرنے والی سابقہ اداکارہ اور گلوکارہ رابی پیرزادہ نے قرآن مجید کا تیسرا پارہ اپنے ہاتھ سے لکھ لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق رابی پیرزادہ جو کہ گلوکاری اور اداکاری کو خیرباد کہہ دینے کے بعد کیلیگرافی اور پینٹنگ کرنے میں مصروف رہتی ہیں اور جنہوں نے فلاحی کاموں کا بیڑہ اٹھا لیا ہے نے اپنے ہاتھ سے قرآن کریم کا تیسرا پارہ لکھ کر کہا ہے کہ وہ پورا قرآن مجید اپنے ہاتھ سے لکھنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔
رابی پیرزادہ نے کہا کہ خدا کا بڑا احسان ہے کہ اس نے اس عظیم کام کے لئے مجھے منتخب کیا ہے ،شوبز کی چکا چوند دنیا کو چھوڑ کر اللہ کے راستے پر چل پڑنا بڑی ہی سعادت کی بات ہوتی ہے اور میں ہدایت ملنے پر اپنے رب تعالیٰ کا جتنا شکر ادا کروں وہ بہت کم ہے۔
سابقہ گلوکارہ و اداکارہ نے مزید کہا کہ زندگی کے راستے میں مجھ سے بے شمار غلطیاں ہوئیں لیکن اب اللہ کی راہ پر چل کر جو دلی سکوں ملا ہے اسے میں اپنے الفاظ میں بیان نہیں کرسکتی۔
ان کا مزید کہان تھا کہ غریبوں کی مدد کے لئے میں نے کام شروع کردیا رکھا ہے اور خدا کا شکر ہے کہ وہ مجھے کچھ عنایت کرتا ہے اور وہ میں غریبوں میں تقسیم کردیتی ہوںاور میری صاحب ثروت لوگوں سے اپیل ہے کہ وہ بھی میرے ساتھ اس کار خیر میں حصہ لے سکتے ہیں۔
رابی پیرازادہ نے کہا کہ جن لوگوں نے قرآن کریم لکھنے میں میری معاونت اور رہنمائی کی ہے جس میں ان سب کی دلی طور پر مشکور ہوں۔