انشاءاللّہ حکومت کو گھر تو جانا ہی پڑے گا :مریم نواز

01:31 PM, 15 Nov, 2020

لاہور:مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ انشاءاللّہ حکومت کو گھر تو جانا ہی پڑے گا ،جب نواز شریف کی طرح عوام کامنتخب وزیر اعظم ہو تو 126 دن کا دھرنا بھی ناکام ہوتا ہے ،مگر جب سلیکٹڈ ہوں تو محض جلسوں سے ٹانگیں کانپنے لگا جاتی ہیں۔


تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر اور سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن )کا اتنا خوف ہے کہ ہر جلسے سے پہلے وہاں کے رہنمائوں پر کریک ڈائون شروع ہوجاتا ہے ،جلسے پہلے بھی ہوتے آئے ہیں اور انشاءاللہ ملتان کا جلسہ بھی اپنے مقررہ وقت پہ ہوگا ۔


مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ کٹھ پتلی اور سلیکٹڈ حکومت جتنے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کرلے یہ ہمارے کارکنوں کے جذبے،ہمت اور حوصلے کو پست نہیں کرسکتے جبکہ عبدالغفار ڈوگر کا جرم یہی ہے کہ وہ نوازشریف کے بیانیے کا علم بلند کیے ہوئے ہیں۔

قبل ازیں رہنما ن لیگ احسن اقبال نے کہا کہ گر آر ٹی ایس والا نتیجہ نکلا تو مسلم لیگ (ن) پورے ملک میں احتجاج کرے گی جبکہ پولنگ سست کرنے کا عمل ان علاقوں میں ہو رہا ہے جہاں مسلم لیگ(ن) کے ووٹ ہیں، الیکشن کمشنر کو ووٹ کاسٹ کرنے کی رفتار کوتیز کرانا چاہئے،گلگت بلتستان کے عوام کو کوئی خرید سکتا ہے نہ انہیں ڈرایا جاسکتا ہے جبکہ گلگت بلتستان کے لوگ انہیں ووٹ دیں گے جنہوں نے عوام کی خدمت کی۔

احسن اقبال نے مزید کہا کہ پری پول رگنگ کی گئی، 6 ممبران کو توڑا گیا اور حکومتی وسائل کا بے دریغ استعمال کیا گیا جبکہ مریم نواز کے جلسوں میں لوگوں نے بھرپور شرکت کرکے مسلم لیگ (ن) سے وابستگی کا اظہار کیا۔

سابق وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ اگر منصفانہ اور آزاد الیکشن کا نتیجہ نکلا تو مسلم لیگ (ن) کی کامیابی یقینی ہے،اگر آر ٹی ایس والا نتیجہ نکلا تو مسلم لیگ (ن) پورے ملک میں احتجاج کرے گی جبکہ بالواسطہ عمل پولنگ کو سست کرنا ایک طرح سے ہتھکنڈہ ہوتا ہے۔

مزیدخبریں