اگر آر ٹی ایس والا نتیجہ نکلا تو (ن)لیگ پورے ملک میں احتجاج کرے گی:احسن اقبال

If RTS results come out, PML-N will protest all over the country: Ahsan Iqbal
کیپشن: فائل فوٹو:احسن اقبال

گلگت: مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے الزام عائد کیا ہے کہ اگر آر ٹی ایس والا نتیجہ نکلا تو مسلم لیگ (ن) پورے ملک میں احتجاج کرے گی جبکہ پولنگ سست کرنے کا عمل ان علاقوں میں ہو رہا ہے جہاں مسلم لیگ(ن) کے ووٹ ہیں۔


گلگت میں نیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیرداخلہ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ الیکشن کمشنر کو ووٹ کاسٹ کرنے کی رفتار کوتیز کرانا چاہئے،گلگت بلتستان کے عوام کو کوئی خرید سکتا ہے نہ انہیں ڈرایا جاسکتا ہے جبکہ گلگت بلتستان کے لوگ انہیں ووٹ دیں گے جنہوں نے عوام کی خدمت کی۔


احسن اقبال نے مزید کہا کہ پری پول رگنگ کی گئی، 6 ممبران کو توڑا گیا اور حکومتی وسائل کا بے دریغ استعمال کیا گیا جبکہ مریم نواز کے جلسوں میں لوگوں نے بھرپور شرکت کرکے مسلم لیگ (ن) سے وابستگی کا اظہار کیا۔


سابق وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ اگر منصفانہ اور آزاد الیکشن کا نتیجہ نکلا تو مسلم لیگ (ن) کی کامیابی یقینی ہے،اگر آر ٹی ایس والا نتیجہ نکلا تو مسلم لیگ (ن) پورے ملک میں احتجاج کرے گی جبکہ بالواسطہ عمل پولنگ کو سست کرنا ایک طرح سے ہتھکنڈہ ہوتا ہے۔


رہنما ن لیگ نے کہا کہ پولنگ سست کرنے کا عمل ان علاقوں میں ہو رہا ہے جہاں مسلم لیگ(ن) کے ووٹ ہیں،اگر لمبی قطاریں لگیں گی تو ووٹنگ کا عمل سست رہے گا، گلگت بلتستان میں 2 ماہ تک پی ٹی آئی کا ٹکٹ لینے کیلئے کوئی نہیں تھااورانہوں نے جوڑ توڑ کرکے لوگوں کو پیسے کے بل پر اپنے ساتھ ملایا ہے۔


واضح رہے کہ گلگت بلتستان میں پولنگ کا عمل جاری ہے، ووٹنگ بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔ 23 نشستوں پر 323 امیدوار میدان میں ہیں۔ ووٹنگ کیلئے 1160 پولنگ سٹیشن اور 847 پولنگ بوتھ قائم کئے گئے ہیں۔ 7 لاکھ 45 ہزار سے زائد شہری اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔