گلگت بلتستان انتخابات میں دھاندلی کا الزام لگانے والوں کی سوچ غلط ہے: چیف الیکشن کمشنر

11:44 AM, 15 Nov, 2020

گلگت: چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان راجہ شہباز خان نے سیاسی جماعتوں کے الزامات کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن صاف اور شفاف طریقے سے ہو رہا ہے، جو لوگ کہہ رہے ہیں کہ دھاندلی ہوگی، ان کی سوچ غلط ہے۔

چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ جو شخص ووٹ کاسٹ کرنے آتا ہے، اسے بہت سے مراحل سے گزرنا ہوتا ہے۔ گلگت بلتستان کے تمام علاقوں میں لوگ ووٹ کاسٹ کرنے آ رہے ہیں۔ ابھی تک کہیں سے کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی۔

ان کا کہنا تھا کہ پولنگ سٹیشنز پر خواتین بہت جوش و خروش سے ووٹنگ کر رہی ہیں جبکہ حساس علاقوں میں منظم طریقے سے پولنگ جاری ہے۔ سیکیورٹی کے بہترین انتظامات کئے گئے ہیں۔

گزشتہ دنوں نیو نیوز کے ساتھ خصوصی گفتگو کرتے ہوئے راجہ شہباز خان نے گلگت بلتستان میں دھاندلی کے الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ صوبائی انتخابات میں کسی بھی قسم کی دھاندلی کا تصور ہی نہیں کیا جا سکتا، اس لئے اس قسم کے الزامات لگانا ہی بے بنیاد ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ سیاسی جماعتوں کے مطالبے پر ہی ہم نے پولنگ سٹیشنز پر فوج کو تعینات نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ تاہم امن وامان کی صورتحال کو کنٹرول کرنے کیلئے مختلف صوبوں کی پولیس کو تعینات کیا گیا ہے۔

اپنے ایک اور بیان میں انہوں نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال کے دھاندلی بارے بیان کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ لیگی رہنما نے جب مجھ سے ملاقات کی تو گلگت بلتستان کے انتخابی عمل کیلئے اٹھائے گئے اقدامات پر انہوں نے اطمینان کا اظہار کیا لیکن جیسے ہی میڈیا کے سامنے پہنچے دھاندلی کا شور شروع کر دیا۔

مزیدخبریں