سردی کی آمد: ملک کے مختلف حصوں میں بارش، پہاڑی علاقوں میں برفباری شروع

11:27 AM, 15 Nov, 2020

لاہور: محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا، شمالی بلوچستان، پنجاب، اسلام آباد، کشمیر اور بالائی سندھ میں کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے جبکہ گلگت بلتستان، کالام، مالام جبہ، چترال اور دیر میں برفباری شروع ہو چکی ہے۔

بالائی علاقوں میں برفباری جبکہ آئندہ 24 گھنٹے تک صوبے میں مزید بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ بارش کے بعد ملک بھر میں سردی کی شدت بڑھ گئی ہے۔ پشاور میں ابھی تک 42 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔

پشاور شہر اور مضافات میں بارش کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ بارش کے ساتھ شہر میں سردی کی شدت بڑی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹے تک مزید بارش کی بھی پیش گوئی ہے۔

ادھر دیربالا کے شہری علاقے میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری آج دوسرے دن بھی جاری ہے جس سے موسم شدید سرد جبکہ درجہ حرارت منفی 1 تک گر چکا ہے۔ مختلف مقامات پر برفباری سے لوگوں کے پھنسنے کی اطلاعات ہیں۔

عشیری درہ گانشال سر میں چھ افراد مال مویشی سمیت برفباری میں پھنس گئے ہیں۔ گانشال سر میں چار فٹ تک برف پڑی ہے۔ مقامی شہری دلارم خان نے نیو نیوز سے گفتگو میں بتایا کہ وہ مال مویشی کے ساتھ رہاٸش پذیر تھے کہ برفباری شروع ہوٸی، اب ہم مشکل میں پھنس گئے ہیں۔ اب نکلے کا کوٸی راستہ نہیں اور خوراک بھی ختم ہو چکی ہے۔ ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو ٹیمیں ہنگامی طور ہمیں یہاں سے نکالنے کا انتظام کریں تاکہ ہماری زندگیاں بچائی جا سکیں۔

ادھر محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مطلع ابر آلود، رات میں موسم سرد اور صبح میں دھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔ شہر میں موجودہ درجہ حرارت 19 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ ماحولیاتی آلودگی ناپنے والے انڈیکس نے کراچی کی فضا میں پائے جانے والی آلودگی کو خطرناک قرار دے دیا ہے۔ انڈیکس کے مطابق کراچی میں آئندہ دو دنوں تک فضائی آلودگی کی صورتحال شدید رہے گی۔

باغوں کے شہر لاہور کی بات کی جائے تو سردی کی آمد شروع ہو چکی ہے جبکہ سموگ کے ڈیرے بھی برقرار ہیں۔ آج شہر کا ایئر کوالٹی انڈیکس 303 ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے سردی کی پہلی بارش کی نوید سنا دی گئی ہے۔ اآج شام کے اوقات میں شہر کے مختلف علاقوں میں بارش متوقع ہے۔

مزیدخبریں