لاہور:وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ آج کے شفاف انتخابات گلگت کی ترقی اور خوشحالی پر مہر ثبت کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے گلگت بلتستان میں جاری آج کے الیکشن کے حوالے سے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام آج آزاد اور منصفانہ انتخابات میں ووٹ کی پرچی کے ذریعے نئے گلگت بلتستان کی بنیاد رکھنے جا رہے ہیں۔جہاں احساس محرومی کا خاتمہ، اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی اور حقدار تک اسکا حق پہنچانا ترجیح ہو گی۔
دوسری جانب وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ کراچی اور جنوبی بلوچستان کے تاریخی وفاقی ترقیاتی پروگراموں کے بعد اب انشاءاللہ ،گلگت بلتستان کے لئے تاریخ ساز ترقیاتی پروگرام پر کام ہو گا، آج کے الیکشن کے بعد انشاءاللہ تحریک انصاف منتخب ہوگی اور گلگت بلتستان حکومت کے ساتھ مل کر علاقے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر کام کریں گے ۔
گلگت بلتستان میں پولنگ کا عمل شروع ہو گیا ہے۔ ووٹنگ بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔ 23 نشستوں پر 323 امیدوار میدان میں ہیں۔ ووٹنگ کیلئے 1160 پولنگ سٹیشن اور 847 پولنگ بوتھ قائم کئے گئے ہیں۔ 7 لاکھ 45 ہزار سے زائد شہری اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔
انتخابات کے موقع پر امن وامان قائم رکھنے کے لیے پولنگ سٹیشنز پر 13 ہزار سے زائد سکیورٹی اہلکار فرائض سرانجام دیں گے۔ گلگت بلتستان میں مرد ووٹرز کی تعداد 4 لاکھ 53ہزار 65 ،خواتین ووٹرز کی تعداد 3 لاکھ 39ہزار 997ے۔ الیکشن کمیشن نے ریٹرنگ اور پریزائڈنگ افسران کو تین دن کے لیے مجسٹریٹ کے اختیارات دیدیے ہیں۔
پولنگ کا عمل صبح 8 سے شام 5 تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گا۔ 24 میں سے 23 عام نشستوں کے لئے عوام ووٹ ڈالیں گے۔ 330 امیدوار گلگت کے انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔ ایک حلقے میں الیکشن 22 نومبر کو ہوں گی۔