پی ایس ایل فائیو: لاہور قلندر 5 وکٹوں سے فاتح، پشاور زلمی کو شکست

PSL Five: Lahore Qalandar won by 5 wickets, defeated Peshawar Zalmi
کیپشن: فائل فوٹو

کراچی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل فائیو) کے ایلمنیٹر میچ میں لاہور قلندرز نے پشاور زلمی کو پانچ وکٹوں سے شکست دی۔ سینئر بلے باز محمد حفیظ نے اپنی ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے 74 رنز بنائے اور ناٹ آئوٹ رہے۔

پشاور زلمی نے پہلے کھیلتے ہوئے 9 وکٹوں کے نقصان پر 170 رنز بنائے تھے۔ زلمی ٹیم کو ابتدائی اوور میں ہی بڑا نقصان اٹھانا پڑا جب شاہین شاہ آفریدی نے یارکر مار کر نوجوان بلے باز حیدر علی کو بولڈ کرکے واپس بھیج دیا۔

اس کے بعد پشاور زلمی کے کھلاڑی اس قدر دبائو میں آئے کہ انہوں نے جارحانہ کھیل پیش نہیں کیا، اگر کوئی بلے باز تیز کھیلنے کی کوشش کرتا تو قلندرز کے بائولرز یہ موقع ضائع نہ کرتے اور اسے آئوٹ کر دیتے۔

پشاور زلمی کی جانب سے دیگر بلے بازوں میں امام الحق 24، صہیب مقصود 16، فاف ڈوپلیسی 31، محمد عمران 8، بریتھویٹ 10 اور ولیجوئن 37 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

لاہور قلندرز کی جانب سے دلبر حسین کامیاب بائولر رہے جنہوں نے 33 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔ شاہین شاہ آفریدی، حارث رئوف اور وائزی کے حصے میں دو، دو وکٹیں آئیں۔ پشاور زلمی کی ٹیم نے مقررہ بیس اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 170 رنز بنائے۔

لاہور قلندرز کا آغاز بھی کچھ اچھا نہیں تھا۔ فخر زمان، تمیم اقبال اور کپتان سہیل اختر اننگز کے آغاز میں ہی اپنی وکٹیں گنوا کر واپس لوٹ گئے۔ فخر زمان نے 6، تمیم اقبال نے 18 جبکہ سہیل اختر نے صرف 7 رنز بنائے۔

سینئر بلے باز محمد حفیظ نے آتے ہی انتہائی جارحانہ بلے بازی کا آغاز کیا اور پشاور زلمی کے بائولرز کو لائن لینتھ ہی بھلا دی۔ انہوں نے صرف 46 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 9 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 74 رنز بنائے اور ناٹ آئوٹ رہے۔ دیگر بلے بازوں میں بی آر ڈک 20، پٹیل 20 اور وائزی 16 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ پشاور زلمی کی صہیب مقصود کامیاب بائولر رہے جبکہ راحت علی اور محمد عمران نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

لاہور قلندرز کی ٹیم نے 19ویں اوور میں صرف پانچ وکٹوں کے نقصان پر 171 رنز بنائے اور ایلیمنیٹر ٹو کیلئے کوالیفائی کر لیا۔ ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کرنے والے محمد حفیظ کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ دوسرے ایلیمنیٹر میچ میں آج لاہور قلندرز کا مقابلہ ملتان سلطانز کیساتھ ہوگا۔