کراچی:پاکستان ڈرامہ انڈسٹری کی نامور اداکارہ عائزہ خان نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں خود کے گھریلو ہونے پر بہت فخر ہے، اپنی فیملی کے ساتھ وقت گزارنا انہیں بے حد اچھا لگتا ہے۔
عائزہ خان نے بتایا کہ وہ اپنے شوہر دانش تیمور اور بچوں کی ہر خوشی بھرپور طریقے سے مناتی ہیں۔ عائزہ خان نے بتایا کہ ان کے بہت کم دوست ہیں جو بالکل ان کے خاندان کی طرح ہیں، ان کے ساتھ بھی انہیں وقت گزارنا اچھا لگتا ہے، وہ خاص اپنے دوستوں کے لیے وقت نکالتی ہیں۔اداکارہ کا کہنا ہے کہ انہیں آسانی سے رونا نہیں آتا۔
اسی لیے ان کو کوئی بھی رونے والا سین کرنے میں کافی دقت کا سامنا کرنا پڑتا ہے کیونکہ انہیں لوگوں کے سامنے رونا نہیں آتا۔ عائزہ خان کے دو بچے ایک بیٹا اور ایک بیٹی ہیں لیکن اداکارہ کا کہنا ہے کہ ان کے دو نہیں بلکہ تین بچے ہیں جن میں دانش تیمور بھی ایک ہیں۔
انہیں اپنے بچوں اور شوہر کے لیے کوئی بھی کام اپنے ہاتھ سے کرنا بہت پسند ہے۔ عائزہ خان نے متعدد اداکاروں کے ساتھ کام کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ان کے پسندیدہ ساتھی اداکار عمران عباس ہیں۔
انہوں نے عمران عباس کے ساتھ ڈرامے کیے تو انہیں کام کرنے میں مزید مزہ آنے لگا کیونکہ عمران اور ان کے درمیان اچھی انڈراسٹینڈنگ تھی۔ انہیں عمران عباس کے ساتھ بار بار کام کرنا برا نہیں لگتا۔