لاہور :جمعیت علمائے اسلام (ف)کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے پلان بی کو روکنے کے لیے لاہور ہائی کورٹ میں متفرق درخواست دائر کردی گئی۔
درخواست شہری عرفان علی نے ندیم سرور ایڈووکیٹ کی وساطت سے دائر کی ہے جس میں وفاقی حکومت اور مولانا فضل الرحمان سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا۔
درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ مولانا فضل الرحمن نے 12 نومبر کو اپنے کارکنوں کو پنجاب سمیت تمام پاکستان کے شہروں کی سڑکیں بند کرنے کی ہدایت کی ہے۔
ان کے مطابق مولانا فضل الرحمن کے پلان بی میں پنجاب سندھ روڈ، رحیم یار خان، انڈس ہائی وے سمیت دیگر سڑکوں کو بند کرنے کی کال دی گئی ، یہ حکم آئین کے آرٹیکل 15 کی خلاف ورزی ہے۔
درخواست میں کہا گیا کہ آئین کے تحت حکومت کے فرائض میں شامل ہے کہ وہ تمام شہریوں کے حقوق کا تحفظ کرے۔اپنی درخواست میں انہوں نے استدعا کی کہ پلان بی کے تحت سڑکیں بند کرنے کا اقدام غیرقانونی اور غیرآئینی قرار دے کر کالعدم کیا جائے۔