اب محسوس ہوتا ہے کہ ذاتی پسند ناپسند کا شکار ہوں:ٹیسٹ کرکٹر

01:54 PM, 15 Nov, 2019

کراچی:ڈومیسٹک کرکٹ میں مسلسل رنز بنانے کے باوجود قومی ٹیم میں دوبارہ منتخب نہ ہوپانے کے بعد اب ٹیسٹ کرکٹر فواد عالم کا کہنا ہے کہ شاید وہ ذاتی پسند ناپسند کا شکار ہیں۔

کراچی میں سندھ اور ناردرن کے درمیان قائد اعظم ٹرافی کے میچ میں سنچری سکور کرنے والے فواد عالم نے میچ کے اختتام پر پریس کانفرنس میں ایک بار پھر اپنی عدم سلیکشن پر بات کی اور عندیہ دیا کہ سلیکشن ذاتی پسند نا پسند کی بنیاد پر فواد کا کہنا تھا کہ یوں لگتا ہے کہ پسند ناپسند ہے اور ایسا نظر بھی آرہا، اس میں زیادہ کچھ کہنے کی ضرورت نہیں۔

162 فرسٹ کلاس میچز میں 56 کی اوسط سے 11830 رنز سکور کرنے والے فواد عالم نے کہا کہ انہیں بھی اس سوال کے جواب کی تلاش ہے کہ وہ ٹیم میں کیوں منتخب نہیں ہورہے اور ان میں کیا کمی ہے؟ ،فواد کے مطابق ہر سال دو سال بعد ایک نیا جواز پیش کردیا جاتا ہے اور وہ اس پر کام کرنا شروع کردیتے ہیں۔

فواد عالم نے حالیہ سیزن میں 9 اننگز میں 2 سنچریاں اور ایک نصف سنچری سکور کی، فرسٹ کلاس کیریئر میں انکی مجموعی سنچریاں 32 ہوچکی ہے۔34 سالہ بیٹسمین کا کہنا تھا کہ جب کوئی کھلاڑی ٹیم سے ڈراپ ہوتا ہے تو اسکی کوشش ہوتی ہے کہ وہ ڈومیسٹک کرکٹ میں پرفارمنس دےکر اپنا کم بیک کرے اور انکی بھی یہی کوشش ہے ،جو کھلاڑی پرفارم کرے اسے قومی ٹیم میں موقع ملنا چاہیئے۔

فواد عالم کا کہنا تھا کہ ذاتی پسند نا پسند ہر جگہ ہوتی ہے، گھرو ں میں بھی ہوتا ہے اور یہ سب اب لائف کا حصہ بن چکا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کبھی کبھار مسلسل فائٹ کرتے رہنا مشکل ہوجاتا ہے لیکن پھر تحریک ملتی ہے کہ اب اور بہتر کرنا ہے کیوں کہ یہی انکا روزگار ہے، اگر کرکٹ چھوڑ دیں گے تو فیملی کو کیسے سپورٹ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ وہ پر امید ہے کہ ایک دن انہیں موقع ضرور ملے گا۔

مزیدخبریں